دنیا میں جہاں انقلاب آیا طلبہ کا کردار مرکزی تھا: ڈاکٹر حسن محی الدین

63 فی صد نوجوان پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہیں
ایم ایس ایم کے طلباء انقلاب کے داعی ہیں، چیئرمین سپریم کونسل کا اجلاس سے خطاب
مرکزی صدر عرفان یوسف کیلئے شاندار تنظیمی خدمات پر گولڈ میڈل کا اعلان

لاہور (07 اپریل 2018) تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تنظیمی، تربیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی انقلاب آیا اس میں طلباء اور نوجوانوں نے مرکزی کردار ادا کیا پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکزو محور 63 فی صد نوجوان ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ نوجوان پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، تعلیمی اداروں میں امید اور تعمیر کا پیغام لے کر انتہائی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

اجلاس سے ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، سیکرٹری جنرل رانا تجمل حسین، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ذلج انقلابی، سیکرٹری انفارمیشن محب مجید، صدر سنٹرل پنجاب میاں انصر محمود، صدر لاہور یونس نوشاہی، احسان اللہ سنبل نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو تکفیریت سے بچانے اور امن کے داعی بنانے میں اپنا بھر پور علمی، فکری، تنظیمی، روحانی کردار ادا کر رہی ہے۔ الحمدللہ نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمگیر فروغ امن کی اسلامی جدوجہد کو دل و جان سے قبول کر رہے ہیں اور امن کے اس قافلے میں دھڑا دھڑ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ گلگت بلتستان، مظفر آباد، راولا کوٹ، میر پور، خیبر تا کراچی میں جہاں بھی گیا مجھے ہر جگہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے متحرک اور پر عزم نوجوان ’’جوانیاں لٹائیں گے انقلاب لائیں گے‘‘ کے نعرے بلند کرتے ملے۔ چند پر عزم نوجوانوں سے اپنے سفر کا آغاز کرنیوالی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مختصر عرصہ میں لاکھوں طلباء کی نمائندہ تنظیم بن چکی ہے، الحمدللہ آج ایم ایس ایم کے تمام بڑے کالجز اور یونیورسٹیوں میں تنظیمی یونٹس قائم ہیں۔ ایم ایس ایم نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام اور پاکستان دوست فکر کو فروغ دینے میں شاندار قومی و ملی کردار ادا کیا، ایم ایس ایم کے نوجوانوں کی کاوشوں سے تعلیمی اداروں کو انتہا پسندانہ رجحانات اور لادینیت سے پاک کرنے کیلئے مثالی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست نہیں ریاست بچاؤ کی عظیم سیاسی جدوجہد ہو یا حصول انصاف کیلئے انقلاب مارچ، تحریک قصاص ہو یا بیداری شعور کی ملک گیر مہم نوجوان ہر اول دستہ بنے۔ اسی لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ کہتے ہیں پاکستان میں تبدیلی لانے کیلئے میرے باکردار اور علم و امن سے محبت کرنے والے نوجوان کافی ہیں۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایم ایس ایم کو ملک بھر میں منظم و متحرک کرنے کے حوالے سے بے مثال جدوجہد کرنے پر مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف کیلئے گولڈ میڈل کا اعلان کیا اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور انکی خدمات کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top