انصاف میں تاخیر کا نوٹس لینے پر چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں: خرم نواز گنڈاپور

وکلاء اور کور کمیٹی کااہم اجلاس بلا لیا، انصاف کیلئے طویل قانونی جدوجہد کی: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

لاہور (08 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے انصاف میں تاخیر کا نوٹس لینے پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ چیف جسٹس کے اس نوٹس سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی انصاف کی جلد فراہمی کے حوالے سے ڈھارس بندھی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حصول انصاف کے حوالے سے یہ ایک اہم پیش رفت ہے، انصاف کیلئے طویل قانونی جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ 9 اپریل کو وکلاء اور کور کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں بلا لیا ہے، اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قانونی پہلوؤں پر وکلاء سے مشاورت کی جائیگی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ چیف جسٹس نا انصافی اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے چھٹی والے دن بھی کام کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ انکی محنت اور اخلاص کو قبول کرے اور وہ مظلوموں کو انصاف دلوانے کے حوالے سے اسی طرح متحرک رہیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کو پوری دنیا میں الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے دیکھا گیا اس سانحہ کی وجہ سے پاکستان کے اسلامی، جمہوری تشخص کو بڑا دھچکا لگا اور انصاف کے راستے کا پتھر بن کر قاتل حکمرانوں نے یہ واضح کیا کہ انکی کوئی قانونی، انسانی اخلاقیات نہیں ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی منصوبہ بندی اسلام آباد وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف کی قیادت میں ہوئی اور عملدرآمد وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران سیاسی مخالفین کو انسان نہیں چیونٹیاں سمجھتے ہیں اور جب چاہتے ہیں اپنے مفاد کے تحفظ کیلئے انہیں کچل دیتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن اسکی بڑی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس میں انصاف کے حوالے سے تاخیر پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کر دیا ہے اس نوٹس سے ہمیں انصاف کی امید پیدا ہوئی ہے اور یہ بھی امید پیدا ہوئی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل ماسٹر مائنڈ جن میں نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور حواری شامل ہیں ان سے بھی باز پرس ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top