ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورہ گجرات

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 8 اپریل 2018ء کو گجرات کا تنظیمی دورہ کیا۔ گجرات کے مقامی ہال رائل مارکی میں تحریک منہاج القرآن گجرات کا ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جس میں میں ڈاکٹر حسن محی الدین مہمان خصوصی تھے۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر نجم رفیق، منہاج القرآن گجرات کے ضلعی صدر مرزا طارق بیگ، جنرل سیکرٹری عبدالوحید اور دیگر عہدیدار و کارکنان کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی اشرافیہ اس کرپٹ نظام کی محافظ ہے اسی کرپٹ نظام کو اپنی جدو جہد سے جلد اس کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے انصاف کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ آئندہ انتخابات میں آئین کی شق 63، 62 پر عمل درآمد نہ ہوا تو ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑا فراڈ ہو گا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور بہت سے پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی و سیاسی جدو جہد کو اجاگر کیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکنان تحریک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ قائد تحریک کی قیادت میں جلد مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

ضلعی ورکرز کنونشن سے انجینئر محمد رفیق نجم مرکزی نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینشن اور مرزا محمد طارق بیگ ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن نے بھی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ منہاجینز اور علماء کونسل کے نمائندہ افراد نے بھی اظہار خیال کیا۔

ورکرز کنونشن میں ضلعی سطح پر گراں قدر خدمات پیش کرنے پر مختلف شخصیات کو شیلڈز پیش کی گئیں اور میڈلز دئیے گئے۔ ضلع گجرات کی طرف سے ڈاکٹر حسن محی الدین کو گجرات کی روایتی پگڑی اور انجینئر محمد رفیق نجم صاحب کو اعزازی تلوار بھی پیش کی گئی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بہترین ورکرز کنونشن کے انعقاد پر مرزا محمد طارق بیگ ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن گجرات اور راجہ عبدالوحید طاہر ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن گجرات اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ ورکرز کنونش میں سٹی گجرات کی تنظیم نے بھرپور تعاون کیا اور ضلع گجرات کے باقی تمام پی پی حلقہ جات کی تنظیمات نے بھرپور محنت کی اور ورکرز کنونشن کو کامیاب بنایا۔

گجرات پہنچنے پر شاندار استقبال

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا گجرات پہنچنے پر پروقار استقبال کیا گیا، ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن مرزا طارق بیگ کی قیادت میں تحریک کے کارکنان نے آپ کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انجینئر محمد رفیق نجم مرکزی نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن، راجہ زاہد محمود، فیاض احمد وڑائچ اور قاضی فیض الاسلام بھی آپ کے ساتھ تھے۔گجرات شہر میں سرگودھا روڈ، جی ٹی ایس چوک، فوارہ چوک، تمبل چوک سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو ریلی کیساتھ شاہ جہانگیر روڈ پر رائل مارکی لایا گیا۔ ریلی میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اہلیان گجرات نے جگہ جگہ گُل پاشی کر کے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے قافلہ کا شاندار استقبال کیا۔ اس دوران راستے میں تاجر برادری نے بھی آپ کا پرتپاک استقبال کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top