معراج کی شب فضیلتیں قدم قدم آپ ﷺ کے ہم رکاب تھیں: ڈاکٹر حسن محی الدین
سفرِ معراج حضور ﷺ کا ایک معجزہ ہے اور معجزہ رب کائنات کی قدرت کا مظہر ہوتا ہے
تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام منعقدہ معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
لاہور (13 اپریل 2018) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’معراج النبی ﷺ کانفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طائف کے بازاروں میں سنگ باری نے اللہ کے محبوب ﷺ کو ملول کر دیا تھا، رب کائنات نے اپنے محبوب ﷺ کی دلجوئی فرماتے ہوئے آپ ﷺ کا دامن عظمتوں اور رفعتوں سے بھر دیا اور منصب رسالتﷺ کو نئی شان عطا کی۔ شب معراج تاجِ عظمت حضور ﷺ کے سر اقدس پر رکھا گیا، معراج کی شب فضیلتیں قدم قدم پر آپ ﷺ کے ہم رکاب رہیں۔ سفرِ معراج حضور ﷺ کا ایک معجزہ ہے اور معجزہ رب کائنات کی قدرت کا مظہر ہوتا ہے۔
کانفرنس میں مشائخ عظام، علمائے کرام، تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کثیر تعداد شریک تھی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نقوشِ کف پائے محمد ﷺ سے لوحِ افلاک پر شوکت انسانی کی جو دستاویز مرتب ہوئی وہ انسان کے اشرف المخلوقات ہونے کی دلیل ہی نہیں بلکہ ایک ایسا مینار نور بھی ہے جو تسخیر کائنات کے ہر مرحلے پر آنے والی ہر نسلِ انسانی کے راستوں کو منور کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی معراج کا پہلوئے بشریت، عالم بشریت کو فیض پہنچانے کیلئے تھا، آپ ﷺ کو نسل انسانی کی رشد و ہدایت کیلئے جامہ بشریت میں مبعوث فرمایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سائنسی علوم کائنات کی سچائیوں سے پردہ اٹھارہے ہیں اور قدم قدم پر نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں اور اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کی آفاقی تعلیمات کی سائنسی توجیہہ خود بخود ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفرِ معراج میں قاب قوسین کا ذکر جمیل اس تواتر سے ہوا ہے کہ ذہنوں میں یہ سوال ابھرتا ہے کہ قاب قوسین سے کیا مراد ہے؟ اس کا قرآنی مفہوم کیا ہے؟ قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے اپنے حبیب ﷺ سے انتہائی قرب و وصال کو قاب قوسین کی بلیغ وجمیل عام فہم تمثیل سے بیان فرمایا ہے تاکہ عرب اپنی روزمرہ زبان اور محاورے کے مطابق اس بات کا مفہوم پوری طرح سمجھ سکیں، قوسین سے مراد کمانیں یا ابرو یا بازو ہیں اور قاب فاصلے کی اس مقدار کو کہتے ہیں جو دو کمانوں کے درمیان ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معراج کی شب کوئی چیز پردہ غیب میں نہ رہی۔ سفرِ معراج کے ذریعے حضور نبی اکرم ﷺ پر تمام حقیقتوں کو منکشف کیاگیا۔
تبصرہ