منہاج القرآن خواتین رہنماؤں کے وفد کی اقوام متحدہ میں عالمی کانفرنس میں شرکت

کانفرنس ’’یو این کمشن آن سٹیٹس آف ویمن‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوئی، صفیہ ملک، عیشا احمدنے شرکت کی
اسلام خواتین کے قومی، سیاسی، تعلیمی، سماجی، معاشی کردار کا پرزور حامی ہے: صفیہ اے ملک
منہاج القرآن کو 2011 سے اقوام متحدہ میں خصوصی مشاورتی سٹیٹس حاصل ہے: عیشا احمد
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے اقوام متحدہ میں موثر نمائندگی پر خواتین رہنماؤں کو مبارکباد

لاہور (22 اپریل 2018) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی رہنماؤں صفیہ اے ملک اور عیشا احمد نے اقوام متحدہ کے زیراہتمام منعقدہ ’’یونائٹیڈ نیشنز کمشن آن سٹیٹس آف ویمن کانفرنس 2018‘‘ میں شرکت اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے نمائندگی کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل پاکستان کی واحد غیر سرکاری اصلاحی، تعلیمی، فلاحی، مذہبی آرگنائزیشن ہے جسے اقوام متحدہ میں 2011 سے ’’خصوصی مشاورتی سٹیٹس‘‘ حاصل ہے۔

کانفرنس میں نمائندگی کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن یوتھ لیگ (سسٹرز) کینیڈا کی صدر صفیہ اے ملک نے اپنے لیکچر میں کہا کہ اسلام علم دوست اور امن پسند آفاقی تعلیمات پر مبنی الہامی مذہب ہے۔ اسلام خواتین کے تعلیمی، سیاسی، سماجی، معاشی فعال کردار کا پرزور حامی ہے جو عناصراسلام کا تعلق انتہا پسندی، تنگ نظری اور تشدد سے جوڑتے ہیں وہ اسلام کی سچی تعلیمات سے ناواقف ہیں یا پھر گمراہ ہیں اور دانستہ اس گمراہی کو مخصوص مقاصد کے حصول کیلئے پھیلا رہے ہیں، مذہب کا دہشتگردی سے تعلق جوڑنے والے امن کے دشمنوں کی عالمی سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ انہوں نے دنیا بھر سے آئی ہوئی خواتین شرکائے کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے تحریر کئے گئے 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ کی کاپیاں بھی تقسیم کیں۔ شرکائے کانفرنس نے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے بے مثال فتویٰ تحریر کرنے پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہا۔

ایگزیکٹو ممبر منہاج یوتھ لیگ (سسٹرز) کینیڈا عیشا احمد نے اپنے لیکچر میں کہا کہ اسلام زندگی کے ہر شعبہ میں عورتوں کے فعال کردار کا نہ صرف حامی ہے بلکہ وہ خواتین کی تعلیم و تربیت پر زور دیتا ہے۔ پیغمبر اسلام ﷺ امن کے داعی تھے، وہ تمام جہانوں کیلئے باعث امن و رحمت تھے۔ پیغمبر اسلام ﷺ نے یہ تعلیم دی کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ جانوروں کے حقوق متعین کرنے والا دین اسلام کسی بے گناہ کی جان لینے کی اجازت کیسے دے سکتا ہے؟ انہوں نے مزید کہاکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں خواتین کی بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان کے اندر اور باہر خواتین کی تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے کام کر رہے ہیں جہاں ہزاروں خواتین طالبات زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور ویژن کی روشنی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل پاکستان سمیت پوری دنیا میں ویمن امپاورمنٹ کے حوالے سے اپنا اسلامی اور انسانی کردار ادا کر رہی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت اور موثر اندازمیں نمائندگی کرنے پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنماؤں کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top