’’ادارہ ٹیک اوور کر لو‘‘ ایس پی سلیمان ’’جن نکال دینگے‘‘ رانا ثناء ’’تاخیر نہ کریں آ جائیں‘‘ سعد رفیق

عوامی تحریک کے وکلاء نے پولیس افسروں اور لیگی وزراء کی دھمکیوں کے ویڈیو ثبوت لاہور ہائیکورٹ فل بنچ میں جمع کروا دئیے
نواز، شہباز و دیگر وزراء نے ایچ بلاک بلا کر براہ راست دھمکیاں دیں: خرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ کا بیان بھی جمع

Chief Justice SC orders ATC to hear Model Town case on daily basis

لاہور (24 اپریل 2018) نواز شریف، شہباز شریف و دیگر کی طلبی کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کے روبرو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی رٹ پٹیشنز پر 25 اپریل کو اہم سماعت ہو گی۔ عوامی تحریک کے وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے پولیس افسران کی گفتگو اور دھمکیوں پر مبنی اہم آڈیو، ویڈیو ثبوت لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کو پیش کرنے کیلئے ریکارڈ میں جمع کروا دئیے۔ ایک ویڈیو ثبوت ڈی آئی جی رانا عبدالجبار، ایس پی طارق عزیز اور ایس پی سلیمان کے حوالے سے ہے جس میں مذکورہ پولیس افسران منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے چیف سیکیورٹی آفیسر سید الطاف شاہ گیلانی سے مکالمہ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جسکی گفتگو صاف سنی جا رہی ہے۔ سید الطاف شاہ نے ایس پی طارق عزیز سے سانحہ سے قبل گفتگو میں کہاکہ عدالت کا تفصیلی آرڈر موجود ہے آپ اسے دیکھ لیں اور ایس پی ماڈل ٹاؤن ایاز سلیم نے جو سیٹلمنٹ کی وہ بھی دیکھ لیں۔ اگر یقین نہیں آتا تو اپنے سی سی پی او سے پوچھ لیں۔ بیرئر لگانے کے حوالے سے انہیں سب علم ہے۔ اس دوران ویڈیو میں ایس پی علی سلیمان غصے سے ایک رؤف نامی اہلکار کو کہتے ہیں’’رؤف، ادارہ ٹیک اوور کریں‘‘ دوسری طرف گاڑیاں توڑنے کے بعد جب گلو بٹ ایس پی طارق عزیز کے پاس آتا ہے تو وہ اسے گلے سے لگاتا ہے اور تھپکی دیتا ہے۔ ویڈیو میں ایک اور موقع پر ڈی آئی جی رانا عبدالجبار دوران آپریشن ایک پولیس والے کو کسی دوسری طرف متوجہ ہونے پر غصے سے کہتا ہے ’’اودھر کی ویکھ رہیا ایں‘‘ اور پھر پولیس اہلکاروں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے سامنے کھڑی خواتین پر تشدد اور انکی بے حرمتی شروع کر دی۔ ویڈیو ثبوتوں میں شہباز شریف کی 17 جون 2014 کی شام کو کی جانیوالی پریس کانفرنس، رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق کے دھمکی آمیز بیانات کی ویڈیوز بھی شامل ہیں۔ ایک ویڈیو میں خواجہ سعد رفیق ڈاکٹر طاہرالقادری کو دھمکی دے رہے ہیں ’’مولانا آپ اتنی تاخیر نہ کریں آ جائیں، تاکہ آپ کا یہاں استقبال کیا جائے اور ایسا والہانہ استقبال آپ کا کیا جائے کہ دوبارہ یہ ڈرامہ رچانے کی آپ کو جرات نہ ہو۔ ایک ویڈیو میں رانا ثناء اللہ یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ آپ دعا کریں یہ آئیں (ڈاکٹر طاہرالقادری) اس دفعہ انکے جن نکالیں گے اور آئندہ یہ دوبارہ پھر ادھر کا رُخ نہیں کریں گے۔ شہادتوں میں خرم نواز گنڈاپور، فیاض وڑائچ اور سید الطاف حسین شاہ کے وہ بیانات بھی جمع کروائے گئے ہیں جن میں نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، حمزہ شہباز، پرویز رشید و دیگر وزراء نے ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن بلا کر ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی رکوانے اور انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top