فیصل آباد: ایم ایس ایم کے زیراہتمام فکر اقبال سیمینار
تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانارب نواز انجم نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے فکراقبال سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال نوجوانوں کو مستقبل کا امین اور معمار سمجھتے تھے۔ مسلمانوں میں بیداری کی لہر پیدا کرنیوالے رہنمائوں میں اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا نام سر فہرست ہے۔ فکری انتشار سے نجات کیلئے فکراقبال رحمۃ اللہ علیہ سے رہنمائی لینا ہو گی۔ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کیا جاتا تو آج ہمارے حکمران اغیار سے ڈکٹیشن لیتے اور نہ پاکستان تاریخ کے سب سے بڑے قرضوں کے بوجھ تلے ہوتا۔ خودی اور خود انحصاری کیلئے اپنے وسائل پر انحصار کیا جائے۔
سیمینارسے ایم ایس ایم کے ضلعی صدر میاں آصف عزیز، عامرحسین مصطفوی، شاہد سلیم، زین العابدین، غلام محمدقادری، ضیاء الدین، برہان رندھاوانے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت و زندگی کا قابل قدر وصف جذبہ عشق رسول ﷺ ہے۔ ذات رسالت مآب ﷺ کے ساتھ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو جو والہانہ عقیدت تھی اس کا اظہار انکی چشم نم ناک اور دیدہ تر سے ہوتا تھا۔ جب بھی کسی نے حضور ﷺ کا نام علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے سامنے لیا، ان پر جذبات کی شدت اور رقت طاری ہو جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اتحاد و خودداری دو ایسے جوہر نایاب ہیں جنکی مدد سے قومیں ترقی کی معراج کو چھوتی ہیں۔ افسوس جو قوم جہاں عالم کیلئے مثال تھی آج انتشار، نا اتفاقی اور نا چاقی کا پرتو نظر آتی ہے۔ شام، افغانستان، عراق، فلسطین اور کشمیر سمیت کئی مسلم خطے پکار رہے ہیں کہ ہم کب سنبھلیں گے، کب اپنے شاندار ماضی کی طرف لوٹیں گے۔ انہوںنے کہا کہ آج ملک کو اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان بنانے کیلئے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر خود کو بدلنا ہو گا۔ فکر اقبالرحمۃ اللہ علیہ سے رہنمائی لے کر مثبت تبدیلیاں لانا ہونگی۔ انہوںنے کہا کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ پیدا کیا، آج انکے فلسفہ خودی پر عمل کر کے پاکستان کو ایک عظیم فلاحی مملکت بنایا جا سکتا ہے۔
تبصرہ