ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا منہاج ای لرننگ پروگرام کے سکالرز سے خطاب

مورخہ: 07 مئی 2018ء

Minhaj-ul-Quran elearning training session with Dr Hassan Qadri

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے منہاج القرآن ای لرننگ پروگرام کے سکالرز کے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علوم دینیہ بالخصوص قرآن پاک کی تعلیم کو عام کرنا بہترین عبادت اور صدقہ جاریہ ہے۔ ہر ذی نفس تک قرآن کی حقانیت کا پیغام پہنچانا وقت کی ناگزیر ضرورت، اسلامی، ملی، قومی ضرورت ہے۔ قرآن امن، محبت اور اعتدال کی تعلیمات سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حوصلہ افزا بات ہے کہ دنیا کے 28 ممالک میں 500 سے زائد خاندان ای لرننگ پروگرام کے تحت دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

تربیتی سیشن سے پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل خان محمد، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، حافظ سعید رضا بغدادی، غلا م مرتضیٰ علوی، مقصود نوشاہی نے خطاب کیا۔

قرآنی و علوم دینیہ کے فروغ کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویثرن کی روشنی میں عالمگیر ای لرننگ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے مقصود نوشاہی نے بتایا کہ اس وقت یورپ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، مڈل ایسٹ، جاپان سمیت دنیا کے 28 ممالک کے ساڑھے پانچ سو خاندانوں کے بچوں کو منہاج ای لرننگ پروگرام کے تحت آن لائن اسلامی تعلیم مہیا کی جا رہی ہے۔ علوم دینیہ کی درس و تدریس کا یہ عالمگیر آن لائن پروگرام 24 گھنٹے جاری رہتا ہے اور 50 سے زائد سکالرز مختلف اوقات کار میں دیار غیر میں مسلم خاندانوں کے ان بچوں کو قرآن پاک، عقائد، سیرت النبی ﷺ، ناظرہ قرآن، ترجمہ و تفسیر اور عربی گرائمر کورسز کروا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویثرن کے مطابق 8 سال قبل درس و تدریس کے اس عظیم اور جدید طریقہ کار کا آغاز کیا گیا اور 8 سالوں میں 2 ہزار سے زائد خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو قرآن پاک کی تعلیم دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ای لرننگ کے اس پروگرام کا دائرہ اب سنٹرل ایشیا تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلم خاندانوں کی اس ضمن میں بہت بڑی ڈیمانڈ ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ای لرننگ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیں اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو علوم دینیہ سے بہرہ مند کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علم، تحقیق اور امن کی عالمگیر تحریک ہے۔ 100 سے زائد ممالک میں اسلامک سنٹرز بھی اسلام اور پاکستان کے پر امن پیغام کو عام کرنے میں پیش پیش ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top