منہاج یوتھ لیگ کا نااہل نواز شریف کے بیان کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

مورخہ: 15 مئی 2018ء

نااہل نواز شریف نے غیر ذمہ دارانہ بیان مودی کو خوش کرنے کے لیے دیا: اشتیاق حنیف مغل
نواز شریف کا بیان ملکی سلامتی پر حملہ ہے، غداری کا مقدمہ چلایا جائے: حافظ وقار
نااہل نواز شریف مودی کی زبان بول رہے ہیں: عبد الحنان طاہر
مظاہرین نے نااہل نواز شریف کے خلاف کتبے، بینزر اٹھا رکھے تھے، پاک فوج، عدلیہ کے حق میں نعرے

PAT Youth League protest against Nawaz Sharif

لاہور (15 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ اور منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام نااہل نواز شریف کے بھارت نواز ملکی سا لمیت کے خلاف بیان پرلاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شرکاء نے نواز شریف کے خلاف بینزر اور کتبے اٹھا رکھے تھے، مظاہرے میں شریک نوجوان پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، عدلیہ زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے، مظاہرے کی قیادت ناظم منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کی، حافظ وقار، عبد الحنان طاہر، صابر کمال وٹو سمیت منہاج یوتھ لیگ اور عوامی تحریک یوتھ ونگ سمیت سینکڑوں نوجوان مظاہرے میں شریک تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ آج پہلے مرحلے میں لاہور سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئی ہیں، لاہور، جہلم، راولپنڈی، ملتان، کراچی سمیت تیس سے زائد شہروں میں ہونیوالے پر امن احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں نوجوان شریک ہوئے، انہوں نے کہا کہ مظاہروں میں ہزاروں افراد شرکت کر کے نااہل سے نفرت اور وطن سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ نااہل نواز شریف نے یہ غیر ذمہ دارانہ بیان اپنے یار مودی کو خوش کرنے کے لیے دیا ہے، عوامی تحریک یوتھ ونگ اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان اس بیان پر سخت تشویش، غم وغصے میں ہیں۔ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان ہر سطح پر ملک سے محبت کامقدمہ لڑیں گے اور کسی غدار کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ریاست پاکستان کے خلاف زبان درازی کرے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ وقار نے کہا کہ نااہل کا بیان ملک کے خلاف سازش ہے۔ چور، قاتل اور لٹیرے حکمرانوں نے بھارت نواز بیان دے کر ملک کے قومی مفاد پر حملہ کیا ہے، نواز شریف کا بیان ملکی سلامتی پر حملہ ہے یوتھ لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ نااہل نواز شریف پر ملک سے غداری کا مقدمہ چلایا جائے اور انہیں ایسی سزا دی جائے کہ نواز شریف اور ان کے حواری نشان عبرت بن جائیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عبد الحنان طاہر نے کہا کہ نوازشریف نے خطرناک اور ملک دشمن عمل کا ارتکاب کیا ہے۔ نااہل شخص اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک کو انارکی کے حوالے کرنا چاہتا ہے۔ نااہل نواز شریف ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں اور مودی کی زبان بول رہے ہیں، ملک کے خلاف بیان بازی اور مقتدر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی بند نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہر جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نااہل نواز شریف پر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ نواز شریف کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوسرے مرحلے میں ملک کے 50 سے زائد شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔ یوتھ لیگ کے جوان ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مظاہرے میں شامل نوجوانوں نے نوازشریف اور ان کے حواریوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top