منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

مورخہ: 18 مئی 2018ء

رمضان المبارک غریبوں اور مسکینوں سے ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے:
رمضان المبارک تزکیہ نفس، امن و سلامتی، فلاح و بہبود اور برداشت کا درس دیتا ہے:
رمضان المبارک صبر کا مہینہ اور صبر کا بدل جنت ہے:
علامہ رانا محمد ادریس، علامہ لطیف مدنی، صابر کمال وٹو، علامہ فیاض بشیرودیگر کا دروس عرفان القرآن سے خطاب

(18 مئی 2018) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے، نماز فجر کے بعد شروع ہونیوالے دروس قرآن میں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہورہی ہے، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی دروس عرفان القرآن میں شریک ہورہی ہیں، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز اپنے خطابات میں اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اس مہینے میں اگر صحیح معنوں میں محنت کر کے اپنے نفس کی تربیت کر لی جائے تو اس کا کوئی اور بدل نہیں ہوسکتا، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے مرید کے میں ہونے والے درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک غریبوں اور مسکینوں سے ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں اللہ تعالی کی نعمتیں اور برکتیں بارش کی طرح برستی ہیں، یہ مہینہ آچکا ہے ہمیں چاہیے کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں آخرت کی فکر کریں، برائیوں سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے نیک اعمال کی جانب متوجہ ہو کر دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹیں۔ علامہ لطیف مدنی نے ڈسکہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا ہے کہ یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدل جنت ہے، رمضان المبارک واقعی صبر کا مہینہ ہے اس لیے اس میں جائز، حلال اور طیب چیزوں سے بھی انسان صبح صادق سے غروب آفتاب تک رکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ رکنا دراصل صبر اور تقویٰ کی تربیت ہے، لاہور شاہدرہ میں درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد اعجاز ملک نے کہا کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس، امن و سلامتی، فلاح و بہبود اور برداشت کا درس دیتا ہے، رمضان المبارک کا مقصد فلاح، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی خاص ادائیگی ہے، اس مقدس ماہ کے تین عشرے ہیں، پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان عشروں کو ان کی اصل روح کے مطابق گزارنے کی کوشش کی جائے۔ علامہ وقاص علی قادری، صاحبزادہ ظہیر نقشبندی، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ جلیل احمد زاہد قادری، علامہ فیاض بشر قادری ودیگر علماء نے بھی مختلف علاقوں میں دروس عرفان القرآن سے خطاب کیا اور کہا کہ روزہ اسلام کا تیسرا اہم ترین رکن ہے، یہ گنہگار کے گناہوں کو پاک کرنے کا مقدس مہینہ ہے، روزے کی اصل حقیقت اور روح مذہب اسلام کے علاوہ دنیا کے کسی اور مذہب میں نہیں پائی جاتی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top