’’قیام امن کیلئے سیرت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر کوئی دستور نہیں‘‘

مورخہ: 09 جون 2018ء

باہمی حقوق کا احترام دین اسلام کی اصل روح ہے: ناظم تربیت منہاج القرآن
اسلام نے انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کئے : مظہر محمود علوی
شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں کیلئے منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب

لاہور (9 جون 2018) تحریک منہاج القرآن کے ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا ہے کہ الحمد سے والناس تک پورا قرآن مجید حضرت محمد مصطفی ﷺ کا اخلاق بیان کرتا ہے۔ اسلام دین رحمت، محمد مصطفی ﷺ پیغمبر رحمت اور قرآن حکیم کتاب رحمت ہے۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں عشق مصطفی ﷺ کو اس حد تک داخل کرنا چاہیے کہ دنیا کی ہر محبت اس میں فنا ہو جائے۔ قیام امن، کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے سیرت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر کوئی دستور نہیں، امت مسلمہ سیرت النبی ﷺ کو اپنے لئے مشعل راہ بنائے۔ انسانیت کو امن، محبت، اخوت، رواداری کی ضرورت ہے، یہی پیغام حضرت محمد مصطفی ﷺ کا ہے۔ وہ شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں کیلئے منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، منصور قاسم اعوان، حاجی فرخ، انعام مصطفوی، علی رضا نت، شیخ عتیق الرحمان و دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ اسلام امن، رحمت، باہمی مشاورت اور اخوت کا علمبردار ہے، اسلامی تعلیمات انسانیت کی بقا، فلاح و بہبود اور ارتقاء کے سنہری اصولوں پر مبنی ہیں، باہمی حقوق کا احترام اعلیٰ اقدار کا فروغ ہی دین اسلام کی اصل روح ہے،

تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صد مظہر محمود علوی نے کہا کہ پہلی اسلامی ریاست مدینہ منورہ میں نافذ کردہ قانون، معاشرے اور انسانی حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کو اپنا کر ان پر عمل کیا جائے۔ اسلام نے انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کئے ہیں، اسلام انسانیت کی عظمت و وقار کا علمبردارہے۔ دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دیکر اسکی تکریم میں اضافہ کیا ہے۔ انسانی حقوق اور دین اسلام دونوں لازم و ملزوم ہیں، آج مسلم ممالک میں انسانی حقوق کی پامالی اس لئے ہے کہ ہم نے دین کی زریں اقدار کو فراموش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی اور روحانی اقدار کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے، تحریک منہاج القرآن سلامتی، امن بھائی چارے اور روداری کے جذبوں کو قلوب و اذہان کی تختیوں پر نقش کر کے اسلام کا حقیقی پیغام عام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر کو پوری دنیا میں اس لئے قبولیت مل رہی ہے کہ انہوں نے امت مسلمہ کو ایک جسد بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ تنگ نظری و انتہا پسندی کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری نے دلیل کی طاقت سے فتح حاصل کی، ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر کر فروغ دینا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top