رمضان المبارک 2018 میں طبع ہونے والی نئی کتب

مورخہ: 13 جون 2018ء

محمد فاروق رانا (FMRi)

حسبِ روایت 27 ویں شب کی مقدس ساعتوں میں اِمسال بھی فرید ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کے زیراہتمام مجددِ رواں صدی، قائدِ مصطفوی انقلاب اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی اور فکری موضوعات پر مختلف تصانیف زیورِ طبع سے آراستہ ہو کر منظرِ عام پر آئی ہیں۔ اِن انقلاب آفریں کتب کا تعارف حاضرِ خدمت ہے۔

1۔ نُوْرُ الْقَمَرَیْن فِي فَضَائِلِ الْحَرَمَیْن {فضائلِ حرمین شریفین}

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فضائلِ حرمین شریفین کے موضوع پر جس اچھوتے انداز سے قلم اٹھایا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس کتاب میں حج اور عمرے کے فضائل اور ان کے مناسک پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ مدینہ منورہ کی دیگر شہروں پر حرمت و تکریم کو آیاتِ قرآنیہ اور احادیثِ نبویہ کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے۔ روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور مزارِ پُر نور کی حاضری کے آداب قرآن و حدیث، اَقولِ اَسلاف اور اَہلِ سنت کے چاروں فقہی مذاہب کے اَئمہ کے اقوال کی روشنی میں بیان کیے گئے ہیں۔ اِس پر مستزاد روضۂ رسول ﷺ اور منبرِ مبارک کی درمیانی جگہ جنت کے باغات میں سے ایک باغ والی حدیثِ مبارک کو متعدد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے روایت کیا گیا ہے۔ بعد ازاں مکہ مکرمہ کے فضائل پر اور اس کی بے حرمتی کی ممانعت سے متعلق آیاتِ قرآنیہ اور احادیثِ مبارکہ کا ذکر کیا گیا ہے۔ نیز رسولِ مکرم ﷺ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مکہ مکرمہ سے وارفتگیِ قلب کے حسین جذبات کا بھی بھرپور اظہار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جلیل القدر انبیاء کرام علیہم السلام کے حجِ کعبہ کی ادائیگی کے تذکار اور ایک ہزار انبیاء کرام علیھم السلام کے مزارات کا اَحوال بھی تحقیقی انداز سے تحریر کیا گیا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ ایک ہزار سے زائد انبیاء کرام  علیھم السلام  کا سفرِ مکہ اور یہاں قیام کا مقصد صرف نبی آخر الزمان ﷺ کا شوقِ دیدار اور ان سے بے پناہ محبت کا بھرپور اظہار تھا۔

Noor-ul-Qamarain Dr Tahir-ul-Qadri new book

2۔ نَضْرَۃُ النُّور فِي فَضْلِ الطُّہُوْر {طہارت اور پاکیزگی کی فضیلت اور اَحکام: احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں}

اپنے موضوع کی یگانگت اور منفرد اُسلوبِ نگارش کے سبب یہ ایک فقید المثال تصنیف ہے۔ اس کتاب میں طہارت کے فقہی پہلوؤں پر مشتمل مستند احادیث مع تحقیق و تخریج مرتب کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نفسِ موضوع سے متعلقہ آیات کو فصل کے شروع میں ’القرآن‘ کے ذیل میں درج کیا گیا ہے، جب کہ احادیث کو ’الحدیث‘ کے روشنی میں ذکر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے شروحاتِ حدیث کے ذریعے مذکورہ موضوع کی وضاحت اور اس سلسلے میں علمی اِشکالات کا بطریقِ اَحسن ازالہ بھی کیا گیا ہے۔

Nudra-tun-Noor Dr Tahir-ul-Qadri new book

3۔ عُمْدَۃُ التَّصْرِیْح فِي قِیَامِ رَمَضَانَ وَصَلَاۃِ التَّرَاوِیْحِ {قیامِ رمضان کی فضیلت اور بیس رکعات نمازِ تراویح کا اِثبات}

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اس تیسری تصنیف میں قیامِ رمضان کی فضیلت اور بیس رکعات نمازِ تراویح کو قرآن و حدیث سے ثابت کیا گیا ہے۔ مذکورہ تالیف میں نمازِ تراویح کی فضیلت، اہمیت اور بطور سنت اِس پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں حضور پُرنور ﷺ کے معمولاتِ رمضان پر مستند احادیث کا گلدستہ مزین کیا ہے۔ اس کتاب میں نہ صرف نمازِ تراویح کو بطور سنتِ رسول ﷺ اور سنتِ صحابہ و تابعین رضی اللہ عنہم ثابت کیا گیا ہے بلکہ مستند اور ثقہ روایات سے بیس رکعات تراویح کے حوالے سے پھیلائے گئے مغالطوں کا محدثانہ، عالمانہ اور محققانہ رد بھی کیا گیا ہے۔ احادیث کی تحقیق و تخریج اور ترتیب و تبویب نے اس مختصر مگر جامع تالیف کو مزید مدلل اور محققہ بنا دیا ہے۔

Qiyam-e-Ramazan Dr Tahir-ul-Qadri new book

4۔ عَوْنُ الْمُغِیْث فِي طَلَبِ عِلْمِ الْحَدِیْث {حصولِ علم کے لیے سفر، مذاکرہ اور کتابتِ حدیث}

اس تالیف میں سب سے پہلے حصولِ علم اور طلبِ احادیث کے لیے صحابہ کرام و تابعین عظام رضی اللہ عنہم، ائمۂ کرام اور سلف صالحین کے طویل، مشکل، کٹھن لیکن مبارک اَسفار کے احوال بھی بیان کیے گئے ہیں۔ اِس کے بعد مذاکرۂ حدیث کی اَہمیت پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین و تبع تابعین کے اَحوال درج کیے گئے ہیں۔ اِس ضمن میں اَوائلِ عہدِ نبوی میں کتابتِ حدیث کی ممانعت کے حکم پر مفصل تحقیقی بحث کی گئی ہے۔ بعد ازاں حضور نبی اکرم ﷺ کا اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو حدیث و سنت تحریر کرنے کی اجازت اور حکم فرمانے پر کافی و شافی دلائل دیے گئے ہیں۔ کتابتِ حدیث کے حوالے سے اکابر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اَقوال و معمولات بھی درج کیے گئے ہیں۔ آخر میں تدوینِ حدیث میں حضرت عمر بن عبد العزیز اور امام ابنِ شہاب زہری کی عظیم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

Husool-e-Ilm kay-Liye Safar Dr Tahir-ul-Qadri new book

5۔ فقہ القلوب: قلبی حیات و ممات [ناروے میں ہونے والے سہ روزہ تربیتی و اِصلاحی کیمپ ’الہدایہ یورپ 2017‘ میں ہونے والے دروس کا مرتبہ مجموعہ]

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یہ عظیم کتاب دراصل ناروے میں منعقد ہونے والے سہ روزہ تربیتی و اِصلاحی کیمپ - الہدایہ یورپ 2017ء - میں ہونے والے دروس کا مرتبہ مجموعہ ہے۔ اس کتاب شیخ الاسلام نے حیاتِ قلبی کے مختلف دقیق نکات پر انتہائی آسان انداز سے روشنی ڈالی ہے۔ حیاتِ قلبی کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کہ حیاتِ قلبی سے کیا مراد ہے؟ زندہ اور مردہ دل میں کیا فرق ہے؟ حضورِیِ قلب کیا ہے؟ حضورِیِ قلب کیسے نصیب ہوتی ہے؟ صاحبانِ حضورِیِ قلب کا مقام و مرتبہ کیا ہے؟ زندہ قلوب کیسے موت کا شکار ہوتے ہیں؟ وغیرہ کے جوابات انتہائی سہل اور آسان فہم انداز سے تحریر کیے گئے ہیں۔ کتاب کے آخر میں مردہ قلوب کی علامات اور قلوب کو مردہ ہونے سے بچانے کی حفاظتی تدابیر کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔

Fiqh-al-Quloob Qalbi Hayat-o-Mamat by Dr Tahir-ul-Qadri

6۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام (12): بچوں کی تعمیر شخصیت {11 سے 16 سال کی عمر تک}

یہ سلسلۂ تعلیماتِ اسلام کی 12ویں کتاب ہے جو 11 سے 16 سال کی عمر تک کے بچوں کی تعمیرِ شخصیت کے حوالے سے ہے۔ اس کتاب میں شیخ الاسلام کی ہدایات کی روشنی میں مذکورہ عمر کے بچوں کی تربیت کے حوالے سے مختلف پہلوئوں کو زیرِ بحث لا کر بچوں کی دینی و اخلاقی اور سماجی و نفسیاتی حوالے سے تربیت بارے معلومات دی گئی ہیں۔ یہ دراصل ایک گائیڈ بک ہے جو نسلِ نو کو ایک اچھا مسلمان اور ذمہ دار شہری بناتی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں اُمتِ مسلمہ کی رُشد و ہدایت کے لیے علم و نور سے معمور تحفہ پیش کیا گیا ہے۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اﷲ رب العزت سے اس مردِ قلندر کی اس عظیم کاوش کو قبول فرمائے اور ان کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر قائم رکھے۔ (آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ)

Bachoon ki Tameer e Shakhsiyat by Dr-Tahir-ul-Qadri

٭ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درج ذیل چار عربی کتب اِس وقت بیروت میں زیر طبع ہیں، اور اِن شاء اﷲ بہت جلد منظر عام پر آجائیں گی:

7۔ فَلْسَفَۃُ الْحُرُوْفِ الْمُقَطَّعَۃ (تَفْسِیْر الٓمّٓ نَمُوْذَجًا)

8۔ تَکْوِیْنُ الشَّخْصِ الإنْسَانِي فِي سُوْرَۃِ السَّبْعِ الْمَثَانِي

9۔ فَلْسَفَۃُ الْحَیَاۃِ فِي الْإِسْلَام

10۔ حُکْمُ السَّمَاع عَنْ أَہْلِ الْبِدَعِ وَالْأَہْوَاء


ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی نئی کتب


1۔ خدمت دین کے تقاضے اور ہمارا کردار [ڈاکٹر حسن محی الدین قادری]

علم و حکمت کا یہ عظیم سلسلہ یہیں پر ختم نہیں ہو جاتا بلکہ عظیم والد کے عظیم فرزندان نے بھی سچے جانشین کا حق ادا کرتے ہوئے چار تصانیف تحریر کی ہیں۔ ان میں سب سے پہلے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ’خدمتِ دین کے تقاضے اور ہمارا کردار‘ کے عنوان سے اِصلاح و تربیت کے حوالے سے یہ اَعلیٰ کتاب تحریر کی ہے۔ اس میں دین کی خدمت کرنے والے کارکنان کے لیے مفید نکات بیان کیے گئے ہیں۔ ان اہم نکات میں قابلِ ذکر یہ ہے کہ کس طرح وہ اپنی تحریکی کوششوں میں اِخلاص و اِستقامت کا جذبہ پیدا کر سکتے ہیں۔ بلاشبہ تربیت و اِصلاح کے حوالے سے یہ ایک عظیم سرمایہ ہے۔ اللہ رب العزت سے قوی اُمید ہے کہ اِس اَہم تصنیف کے دور رس اَثرات مرتب ہوں گے۔

Khidmat-e-Din kay Taqazay by Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri

2. Parents’ Rights in Islam (Social and Scientific Perspective) [Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri]

اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے انگریزی زبان میں والدین کے حقوق نہ صرف اسلامی تناظر میں بلکہ سماجی و سائنسی انداز سے بھی تحریر کیے ہیں۔ اس کتاب میں جہاں بتایا گیا ہے کہ والدین کے حقوق کیوں ہیں، وہاں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے والدین کے کاندھوں پر نسلِ نو کی تربیت کی بہت بڑی ذمہ داری اور بارِ گراں بھی ہے۔

Parents Rights in Islam by Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri


ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی کتب


1۔ مقالاتِ عصریہ (جدید تحقیقی مباحث): جلد اَوّل [ڈاکٹر حسین محی الدین قادری]

اس کے بعد جگر گوشۂ شیخ الاسلام ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تصنیف ’مقالاتِ عصریہ (جدید تحقیقی مباحث)‘ بھی اسلامی تحقیق میں ایک گراں قدر اضافہ ہے۔ اس کتاب کی پہلی جلد شائع ہوچکی ہے۔ اس تحقیقی دستاویز میں مختلف موضوعات جیسے بنی نوع انسان کی شناخت اور ان کے مختلف قبائل و اقوام میں تقسیم ہونے کی حکمت، مہذب معاشرے کی ناگزیریت، اِسلامی فنونِ لطیفہ، مسلمانوں کے کارہاے نمایاں، حیاتِ انسانی کی اقسام، حقوقِ نسواں، فلسفہ تعددِ اَزواج اور عصرِ حاضر کے مسائل جیسے مختلف تحقیقی زاویوں پر شان دار انداز سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان تمام مسائل کا مناسب حل بھی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے۔

Maqalat-e-Asriya Dr Hussain Mohi-ud-Din Qadri

2۔ اسلام میں خدمتِ خلق کا تصور (خانقاہوں اور مزاراتِ اَولیاء کے حوالے سے تحقیقی مطالعہ) [ڈاکٹر حسین محی الدین قادری]

اس گراں قدر مختصر تحقیق میں اِنسان دوستی کے حوالے سے اَولیاء کرام کے کارناموں کو بہترین انداز سے سلامِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ فاضل مصنف نے اِبتداء میں خدمتِ خلق کے حوالے سے اِسلامی تعلیمات کو ایک اچھوتے انداز میں مرتب کیا ہے۔ بعد ازاں صوبہ پنجاب کے پانچ اولیاء کرام کے مزارات یعنی دربار حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ (لاہور)، دربار حضرت بابا بلھے شاہؒ (قصور)، دربار حضرت فرید الدین گنج شکرؒ (پاک پتن) اور دربار حضرت بہاؤ الدین زکریاؒ و حضرت شاہ رکن عالمؒ (ملتان) کے حوالے سے اَعداد و شمار پر مبنی ایک منفرد تحقیق پیش کی ہے کہ کس طرح اَولیاء اﷲ نہ صرف اپنی زندگی میں بلکہ بعد اَز وصال بھی ہمہ وقت مخلوقِ خدا کی حاجت روائی کرتے ہیں اور خلق خدا ہر لحظہ ان سے فیض یاب ہوتی رہتی ہے۔ گویا مزاراتِ اَولیاء کے سماجی و معاشی پہلو پر محققانہ روشنی ڈالی گئی ہے۔

شبِ قدر کی ان مقبول ساعتوں میں مالکِ ارض و سما سے دعا گو ہوں کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری کے اس گلشن کو ہمیشہ سرسبز و شاداب اور مہکتا رکھے اور اللہ رب العزت ان سے احیائے دین کا فریضہ اسی طرح جاری و ساری رکھے۔ آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ۔

Islam mein Khidmat-e-Khalq ka Tasawwur by Dr Hussain Mohi-ud-Din Qadri

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top