لٹیروں کو جیلوں میں بند کرنا کافی نہیں، ان کے حلق میں انگلی ڈال کر لوٹا مال نکالا جائے: ڈاکٹر طاہرالقادری

نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب لوٹ مار کو تحفظ دو ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
روپے کی بے قدری سے ملکی قرضے اور کرپٹ اشرافیہ کی دولت میں اضافہ ہوتا ہے، سربراہ عوامی تحریک
قرضے 8 ہزار ارب سے بڑھ گئے، عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، بارسلونا میں وفود سے گفتگو
پاکستان کو ڈیمز کی ضرورت تھی، انہوں نے کمیشن کیلئے موٹرویز، میٹرو بسیں اورنج ٹرینیں بنائیں
پینے کے صاف پانی اور دودھ کے گلاس کی قیمت میں بہت تھوڑا فرق رہ گیا

لاہور (17 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ روپے کی بے قدری سے ملکی قرضے اور کرپٹ اشرافیہ کی دولت میں اضافہ ہوتا ہے، قرضے 8 ہزار ارب سے بڑھ گئے اور 21 کروڑ عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، دودھ اور صاف پانی کے ایک گلاس کی قیمت میں بہت تھوڑا فرق رہ گیا، لٹیروں اور راہزنوں کے درمیان قوم نے فرق کرنا ہے، باہر سے بچانے کیلئے کوئی نہیں آئے گا، اشرافیہ کو جیلوں میں بند کرنا کافی نہیں، ان کے حلق میں انگلی ڈال کر لوٹ مار کا مال نکالا جائے۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتل شریف جونیئر کو بھی کٹہرے میں لایا جائے۔

وہ بارسلونا میں پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداروں و کارکنان کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرپشن میں سزا یافتہ مجرموں کو ہیرو بنانے کا مطلب ملک و قوم سے غداری اور کرپشن کی حمایت کرنا ہے، کون نہیں جانتا شریف برادران نے عوام کے ووٹ کو نوٹ بنانے کیلئے استعمال کیا اور 30سالہ عرصہ سیاست میں قدم قدم پر ووٹ اور مینڈیٹ کی توہین کی، اشرافیہ کے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب ہماری لوٹ مار اور ناجائز اثاثوں کو تحفظ دو ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیمز کی ضرورت تھی، انہوں نے کمیشن اور کک بیکس کیلئے موٹرویز، میٹرو بسیں اور اورنج ٹرین منصوبے بنائے، پاکستان کے غریب خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کی ضرورت تھی انہوں نے لیپ ٹاپ اور سولر لیمپ بانٹے، غریب مریض کو سستے علاج اور ہسپتالوں کی ضرورت تھی انہوں نے سٹیل کی پلیں اور جنگلہ بسیں بنائیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرپشن محض نیب کے ریفرنسز اور عدالتوں کے فیصلوں سے ختم نہیں ہو گی، کرپشن کا خاتمہ عوام، سول سوسائٹی، وکلاء اور ابلاغ عامہ سے وابستہ موثر آوازوں کے بلند ہونے سے ہو گا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بیرون ملک مقیم نوجوانوں نے کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف جاندار اور شاندار مزاحمت کی، آج بیرون ملک کوئی کرپٹ کھلے عام سڑکوں پر چل پھر نہیں سکتا، پاکستان کے اندر بھی یہی سول سوسائٹی کا کردار ہونا چاہیے، لوٹ مار کرنے والوں کو پروٹوکول دینے کا نتیجہ ہے کہ پاکستان مقروض ترین ملکوں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا عوامی تحریک اس لیے اس نظام انتخاب کے خلاف ہے کیونکہ اس نظام میں کرپشن کرنے والے منی لانڈرنگ کرنے والے ڈیفالٹرز، سنگین جرائم میں ملوث عناصر بلاروک ٹوک انتخابی عمل کا حصہ بن جاتے ہیں۔ نظام کی اصلاح اور عوام کے متحرک ہونے سے کرپشن کنگز سے ملک و قوم کی جان چھوٹے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top