باہمی حقوق کا احترام، اعلیٰ اخلاقی اقدار کا فروغ دین اسلام کی اصل روح ہے: انجینئر رفیق نجم

دین اسلام نے عالم انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کئے
اسلام امن و محبت، رواداری، اخوت کا علمبردار ہے:نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن

لاہور (17 جولائی 2018) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت، مشاورت، رواداری اور اخوت کا علمبردار ہے، اسلامی تعلیمات انسانیت کی بقا، فلاح و بہبود اور ارتقا کے سنہری اصولوں پر مبنی ہیں، باہمی حقوق کا احترام اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا فروغ دین اسلام کی اصل روح ہے، احترام آدمیت اور برابری کا نظام دینے کے ساتھ ساتھ دین اسلام نے عالم انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی شعبہ ہائے زندگی میں بے شمار حقوق عطا کئے ہیں، اسلام میں حقوق اور فرائض باہمی طور پر مربوط اور ایک دوسرے پر منحصر تصور کئے جاتے ہیں۔ ایک حقیقی اسلامی ریاست میں ان حقوق سے تمام شہری مستفید ہوسکتے ہیں کوئی ریاست یا فرد واحد ان حقوق کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا اور نہ ہی قرآن وسنت کی طرف سے عطا کردہ بنیادی حقوق کو معطل یا کالعدم قرار دے سکتا ہے۔

دین اسلام نے تمام امتیازات ذات پات، رنگ ونسل، جنس، زبان اور مال و دولت پر مبنی تعصبات کو جڑ سے اکھاڑ دیا، تمام انسانوں کو ایک دوسرے کے ہم پلہ قرار دیا۔ نبی کریم ﷺ کی پیغمبرانہ جدوجہد اور پہلی اسلامی ریاست مدینہ منورہ میں نافذ کردہ قانون معاشرت اور حقوق انسانی کے تحفظ کا ضامن ہے، وہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ ’’اسلام میں انسانی حقوق‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چوہدری عرفان یوسف، رانا تجمل، یونس نوشاہی، طیب ضیاء، میاں انصر، فراز ہاشمی، سعید اختر، ریحان چوہدری ودیگر بھی موجود تھے۔

انجینئر محمد رفیق نے کہا کہ اسلام نے عالم انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کئے۔ اسلام انسانیت کی عظمت اور وقار کا علمبردار ہے۔ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو اعلیٰ مقام عطا فرمایا، انسانی مساوات کا درس دیا اور عملی طور پر بنی نوع انسان کو آج سے 14 صدیاں قبل پیغام دیا کہ کسی انسان کو دوسرے انسان کا استحصال کرنے کا کوئی حق نہیں۔ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ کوئی انسان اس وقت تک صاحب ایمان نہیں ہوسکتا جب تک اس کا پڑوسی اس کے شر سے محفوظ نہ ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top