منہاج القرآن کے زیراہتمام 100 شہروں میں 6 ہزار اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا جائے گا

مورخہ: 06 اگست 2018ء

بنگلہ دیش، انڈیا، کینیا، صومالیہ، نیپال میں بھی اجتماعی قربانیوں کے کیمپ لگائے جائینگے: اجلاس میں فیصلہ
قربانی کا ہزاروں من گوشت غرباء، مساکین، ہسپتالوں، جیلوں اور ضروتمندوں میں تقسیم کیا جائے گا: سید امجد علی شاہ
قربانی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مرکزی کمیٹی کے علاوہ درجنوں ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں
قربانی کے گوشت سے لے کر جانور کی کھال تک غریبوں کے لیے خوشی اور سہارا ہے: ڈائریکٹر ایم ڈبلیو ایف

لاہور (6 اگست 2018ء) تحریک منہاج القرآن کے فلاحی ادارہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امسال لاہور سمیت پاکستان میں 100 سے زئد شہروں میں 6 ہزار سے زائد قربانیوں کا فریضہ انجام دے گا۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش، انڈیا، کینیا، صومالیہ اور نیپال میں بھی اجتماعی قربانیوں کے کیمپ لگائے جائینگے، اس ضمن میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ایم ڈبلیو ایف سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک فلاحی انسانی خدمت کا عالمگیر ادارہ ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے وژن اور ہدایات کے مطابق خدمات انجام دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے بے مثال منصوبوں کی تکمیل کی وجہ سے اندرون، بیرون ملک مقیم پاکستانی ایم ڈبلیو ایف پر بے حد اعتماد کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیر حضرات کی پائی پائی کو انسانی خدمت کے منصوبوں بالخصوص تعلیمی منصوبوں پر خرچ کرتی ہے، انہوں نے بتایا کہ یتیم بچوں کی تعلیم اور کفالت کے منصوبے آغوش کا دائرہ لاہور سے باہر تک پھیلا دیا گیا ہے، آغوش میں سینکڑوں یتیم بچوں کو تعلیم اور کفالت میسر ہے، آغوش کے مراکز لاہور کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ، کراچی میں کامیابی سے چل رہے ہیں، آغوش آرفن کیئر ہوم ملک کے دیگر شہروں میں بھی قائم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کا کوئی نہیں ان کی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہے، ہمارا عزم ہے آغوش آرفن کیئر ہوم ہر یتیم کی کفالت اور تعلیم کی فراہمی میں مددگار بنے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کی طرح قربانی کا ہزاروں من گوشت غرباء، مساکین، ہسپتالوں، جیلوں اور ضروتمندوں میں تقسیم کیا جائے گا، قربانی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مرکزی کمیٹی کے علاوہ درجنوں ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دے گی گئی ہیں، تحریک منہاج القرآن پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب شب و روز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے، کھالوں سے اکٹھی ہونے والی رقم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے جاری فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جاتی ہے، مرکزی قربان گاہ لاہور میں قائم کی جائے گی جس میں سینکڑوں گائیں، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک ایک نیکی نامہ اعمال میں درج کی جاتی ہے۔ قربانی جہاں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے وہیں یہ عمل معاشرے کے محروم طبقات کی داد رسی کا ذریعہ بھی ہے، قربانی کے گوشت سے لے کر جانور کی کھال تک غریبوں کے لیے خوشی اور سہارا ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال عید قربان پر غریب مفلس اور محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کر کے عظیم فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top