عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے وفد کی پاک فوج کے شہداء کی فیملیز سے ملاقات

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے اعلیٰ سطحی وفد نے یوم دفاع 6 ستمبر کے سلسلہ میں پاک فوج کے شہداء کی فیملیز کے ساتھ ملاقات کی، شہدائے پاکستان کی فیملیز کو سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے پھول پیش کئے اور ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفد نے لاہور میجر عاطف رسول شہید، کیپٹن منان الحسن شہید، لیفٹیننٹ کرنل ساجد مشتاق شہید، میجر مصطفی صابر شہید اور میجر زاہد باری شہید کے گھروں میں جاکر انکے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وفد نے ملک کے دفاع کیلئے شہداء کی بہادری اور قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہید ہمارا فخر ہیں اور ہم ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے۔

اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ نے انتہائی خوشگوار جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری اور منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے سنیئر نائب امیر محمد حنیف قادری کی قیادت میں شہداء پاکستان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنیوالے وفد میں راجہ محمود عزیز، میاں ممتاز حسین، محمد رمضان ایوبی و دیگر رہنما شامل تھے۔ شہداء کے خاندانوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حنیف قادری نے کہا کہ ہمارا کل محفوظ کرنے کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے شہداء ہمارے محسن ہیں، پاکستان سے لازوال محبت اور پیار کی جو داستان افواج پاکستان نے اپنے لہو سے رقم کی ہے وہ رہتی دنیا تک تاریخ عالم کے سنہرے ابواب میں زندہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے نہ صرف 48، 65 اور 71 کی جنگوں میں بے مثال قربانیاں دے کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ گزشتہ کئی عشروں سے دہشتگردی کے خلاف لڑی جانیوالی جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کرتے ہوئے اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمنوں کا مکمل صفایا کر دیا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور بہادر پاکستانی قوم کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ دہشتگردوں کے خلاف کامیابی پاک فوج کا بہت بڑا اعزاز ہے، انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کا ہر فرد نظم و ضبط، یقین محکم اور نصب العین بناتے ہوئے ملک کے دفاع، تحفظ، اسکی بقا سلامتی اور وقار و تقدس کو برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے، یہی پاکستان سے پیار اور محبت کا تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ اپنی مسلح افواج پر کوئی آنچ نہ آنے دے۔ پاکستان کے دشمنوں کی مذموم سازشوں کو ناکام بنانا پوری قوم کی اولین ذمہ داری ہے۔ ملکی سرحدوں کی محافظ اور ملکی بقا کی ضامن پاک فوج کے حوالے سے کسی بھی غلط اور بے بنیاد تاثر کو سختی سے رد کرنا بھی ہمارا فرض ہے۔ ہم فوج سے ہیں اور فوج ہم سے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک کو کرپشن، بد عنوانی اور دیگر سماجی و معاشرتی برائیوں سے بھی پاک کرنا ہے۔ وفد نے شہداء کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی، خوشحالی اور پاک فوج کی کامیابیوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top