منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام یوم دفاع پر تقریب

تحریک منہاج القرآن کے ضلعی صدر سید ہدایت رسول قادری، ناظم حافظ رب نواز انجم، رانا طاہر سلیم، میاں کاشف محمود نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا، جنگ ستمبر میں بہادر پاکستانی شہریوں نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ 1965ء کی جنگ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدوجہد تھی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے، در حقیقت 6 ستمبر یوم دفاع ہے۔ ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے، اس سے عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے کی قومی خواہش کی غمازی ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پر ’’ ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراللہ رکھا نعیم، غلام محمد قادری، رانا غضنفر علی اور حافظ محمودالحسن بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کا دن ہماری قوم کے اس عزم کا آئینہ دار ہے کہ قوم دفاع وطن کے مقدس فریضے سے ہرگز غافل نہیں ہے، شہدائے 6ستمبر نے تاریخ میں جرآت و بہادری کے نئے باب رقم کئے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کی کسی بھی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان جتنی قربانیاں دیں اور نہ قیمت ادا کی، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اور غلامی کے درمیان ہماری مضبوط اور محب وطن فوج کھڑی ہے ، پاکستان کے استحکام اور آزادی کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کا کردار بے مثال اور قابل فخر ہے۔ افواج پاکستان کے جوانوں اور افسروں نے 1948، 1965ء اور 1971ء میں دفاعِ وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دینے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی جنگ بھی جرآت مندی سے لڑی، پاک فوج نے وطن عزیز کو اسلام اور انسانیت کے دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے بے مثا ل قربانیاں دیں، ہمیں پاکستان سے پیار اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top