منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں شب عاشور پر ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ منعقد ہو گی

امام حسین علیہ السلام یزید کے ہاتھوں میں اپنا ہاتھ دے دیتے تو آج دنیا میں ہر طرف باطل کا بول بالا ہوتا
خانوادہ رسول ﷺ کی قربانیوں کے صدقے امت مسلمہ کو ظالم سے ٹکرانے کا حوصلہ ملا، منہاج علماء کونسل

لاہور (15 ستمبر 2018) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شب عاشور پر پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہو گی۔ جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کو مدعو کیا جائیگا۔ اس کا اعلان ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں کیا گیا۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام یزید کے ہاتھوں میں اپنا ہاتھ دے دیتے تو آج دنیا میں ہر طرف باطل کا بول بالا ہوتا اور فرزندان عالم اسلام کبھی کسی ظالم، فاسق، غاصب اور قاتل حکمران کے خلاف نبردآزما ہونے کی جرأت نہ کرتے۔ خانوادہ رسول کی قربانیوں کے صدقے امت مسلمہ کو ظالم سے ٹکرانے کا حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا نے دو نظریات کی بنیاد رکھی، ایک نظریہ تھا کہ طاقت حق ہے یہ یزید کا نظریہ تھا جبکہ دوسرا نظریہ تھا حق طاقت ہے یہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا نظریہ تھا اور آج حسینی نظریہ اپنے تمام تر صداقتوں کے ساتھ زندہ و جاوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین سرکٹا کر جیت گئے اور یزید تخت بچا کر رسوا ہو گیا۔

علامہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا ’’حسین مجھ سے اور میں حسین سے ہوں‘‘ جنہوں نے خانوادہ رسول ﷺ پر تلوار چلائی اور ظلم کے پہاڑ توڑے وہ ظالم غاصب اور ملعون تھے۔ ان میں رتی برابر بھی ایمان کی رمک ہوتی تو یہ اہل بیت اطہار کی بے حرمتی کا تصو ر بھی ذہن میں نہ لاتے۔ انہوں نے کہا کہ 61 ہجری کو برپا ہونے والے حسینی علیہ السلام انقلاب نے نظریہ کیلئے جان، مال، اولاد قربان کرنے کی فکر اور جذبہ عطاء کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top