مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی 24 سالہ جدوجہد علم و امن کیلئے ہے: یونس نوشاہی
طلباء علم کے نور سے جہالت، ناانصافی، دہشتگردی اور ظلم کا خاتمہ کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنائیں: میاں انصر
جو قومیں طلباء کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں ان کا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے، یوم تاسیس تقریب سے خطاب
لاہور (13 اکتوبر 2018) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کالجز کونسل کے زیراہتمام 24ویں یوم تاسیس کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ضلع لاہور کے مختلف کالجز کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل یونس نوشاہی نے کہا کہ علم اور کردار طلباء کا اثاثہ ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلباء حقوق کے تحفظ، فروغ عشق رسول ﷺ اور بیداری شعور کے لیے مصروف عمل ہے، ہماری 24 سالہ جدوجہد علم، امن، محبت اور بھائی چارے کے لیے ہے، جلاؤ، گھیراؤ اور بلیک میلنگ جیسی طلباء سیاست کی ہم نے ہمیشہ مذمت کی ہے، طلباء کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جو قومیں طلباء کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں ان کا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے۔
تقریب میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم میاں انصر محمود، اخلاق حسنین، علی قریشی، فراز ہاشمی، فرحان عزیز، میر احسن و دیگر طلباء رہنما موجود تھے۔
یونس نوشاہی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت اور رہنمائی میں ملک بھر کے طلباء متحدہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری طلباء کو شعور و آگہی، فکر و ادراک، تحقیق و علم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں، سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے طلباء کو علم و فکر کی ایک ایسی کشتی عطاء کر دی ہے جو وقت کی ہر آندھی اور موج سے ٹکرانے کے بعد انشاء اللہ کامیابی و حفاظت کے ساتھ ساحل مراد تک پہنچے گی۔
میاں انصر محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک پاکستان پر کڑا وقت ہے، سابق حکمرانوں نے ملک کی معیشت تباہ و برباد اور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، ان حالات میں طلباء امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیمی اداروں میں برداشت اور باہمی رواداری کے فروغ کیلئے کوشاں ہے تاکہ انتہا پسندانہ رویوں کاخاتمہ ہو سکے اور باہمی محبت کے ذریعے ملک میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا، میری طلباء سے درخواست ہے کہ علم کے نور سے جہالت، ناانصافی، دہشتگردی اور ظلم کا خاتمہ کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنائیں۔
تبصرہ