ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج موبائل کلینک اینڈ لیب منصوبہ کا افتتاح کر دیا

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کی طرف سے موبائل کلینک اینڈ لیب وین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کو صحت عامہ کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں، غریب مریض کو ہسپتال داخل ہوتے وقت علاج نہیں ادویات کی پرچی ملتی ہے، علاج دور کی بات غریب آدمی علاج کی تشخیص کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت بھی نہیں رکھتا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے عہدیداروں نے جدید موبائل کلینک اینڈ لیب کے ماڈل منصوبے کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کر کے ایک بڑی انسانی خدمت انجام دی ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

قائد تحریک منہاج القرآن کو بریفنگ دیتے ہوئے لاہور کے رہنماؤں انجینئر ثناء اللہ خان، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، چوہدری افضل گجر، حاجی فرخ، آمنہ بتول نے بتایا کہ موبائل میڈیکل وین کا یہ منصوبہ 70 لاکھ روپے میں مکمل ہوا ہے اور یہ ساری رقم اپنی مدد آپ کے تحت جمع کی گئی، یہ موبائل وین لاہور کے 30 صوبائی حلقوں میں ہر روز جدید ٹیسٹوں کی سہولت مہیا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل میڈیکل وین میں ہر قسم کے بلڈ ٹیسٹ کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے ناظم ثناء اللہ خان نے موبائل ہسپتال کے حوالے سے مزید بتایا کہ یہ موبائل میڈیکل وین ’’نو لاس نو پرافٹ‘‘ کی بنیاد پر 30 دن کام کرے گی۔ یہ غریب لوگوں کو انکے گھر کی دہلیز پر علاج اور ٹیسٹوں کی سہولتیں دینے کی سوچ سے منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے جملہ عہدیداروں اور اس منصوبے کے ڈونرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بیمار کی بیمار پرسی اور اسے علاج میں مدد دینا ایک اعلیٰ عبادت اور انسانی خدمت ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میرے علم میں لایا گیا ہے کہ پنجاب کی سابق حکومت نے ایسا ہی ایک موبائل میڈیکل یونٹ 5 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا تھا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کا موبائل یونٹ 70 لاکھ میں تیار ہوا ہے، کاش انسانی زندگیوں کو بچانے کے عمل میں پیسے کی حرص اور ہوس کو الگ رکھا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ انسانی صحت کے معاملے میں بھی قومی وسائل پر ہاتھ صاف کرنیوالے دہشتگردوں سے بدتر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کا موبائل ہسپتال منصوبہ انکی رخصتی سے پہلے ہی رخصت ہو گیا تھا انشا اللہ تعالیٰ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ منصوبہ قومی خزانے کی ایک پائی لئے بغیر چلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ادویات اور علاج معالجہ کیلئے مختص کی گئی رقم 100 فی صد غریب مریض تک پہنچانے کا بندوبست کر لے تو یہ اسکی ایک بڑی انسانی خدمت اور کامیابی ہوگی کیونکہ کسی بھی مد میں رکھے گئے 100 روپے کا محض 50 فی صد حق دار تک پہنچ پاتا ہے، وسائل کی لیکج روکنا ہی گڈ گورننس ہے، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں پرچی سسٹم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور، رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top