میاں منظور وٹو، لیاقت بلوچ، چوہدری سالک حسین کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شریف برادران کی طلبی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے: خرم نواز گنڈا پور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور انکے کارکنان کی استقامت قابل داد ہے: میاں منظور وٹو
میاں منظور وٹو، لیاقت بلوچ، چوہدری سالک حسین، خرم نواز گنڈا پورکا منہاج موبائل کلینک کا دورہ
غریب و مستحق افراد کو طبی سہولتیں دینے کیلئے موبائل ہسپتال قابل تحسین اقدام ہے: لیاقت بلوچ، میاں منظور وٹو
منہاج ویلفیئر لاہور کا موبائل کلینک اینڈ لیب بے مثال اور شاندار منصوبہ ہے: چوہدری سالک حسین
سینئر سیاسی رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل PAT سے انکے بھائی جاوید نواز گنڈاپور کے انتقال پر تعزیت کی

لاہور (22 اکتوبر 2018) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سینئر سیاستدان میاں منظور احمد وٹو، لیاقت بلوچ اور نو منتخب ایم این اے چوہدری سالک حسین نے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ تینوں رہنماؤں نے خرم نواز گنڈا پور سے انکے بھائی جسٹس (ر) جاوید نواز گنڈا پور کے انتقال پر تعزیت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شریف برادران کی طلبی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے قانونی جنگ زندگی کی آخری سانس تک لڑینگے۔ مظلوموں کو انصاف دلوانا اور گناہ گاروں کو سزا دلوانا ہمارا مقصد ہے۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر طاہرالقادری کی قانونی جدوجہد اور انکے کارکنان کی استقامت قابل داد ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہایا گیا، قوم کی بیٹیوں کے منہ پر گولیاں ماریں گئیں، 17جون 2014 کو بہنے والا خون سر چڑھ کر بولے گا، جلدسانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہوتے دیکھ رہا ہوں، کرپٹ اور قاتل اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ رہنماؤں نے ملکی سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے چوہدری سالک حسین کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ چوہدری سالک حسین گوشہ درود میں بھی گئے اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی۔

دریں اثناء میاں منظور احمد وٹو، لیاقت بلوچ، نو منتخب ایم این اے چوہدری سالک حسین، خرم نواز گنڈا پور، ثناء اللہ خان و دیگر رہنماؤں نے منہاج موبائل کلینک کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ غریب و مستحق افراد کو طبی سہولتیں دینے کیلئے موبائل ہسپتال قابل تحسین اقدام ہے۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ منہاج ویلفیئر لاہور کا موبائل کلینک اینڈ لیب بے مثال اور شاندار منصوبہ ہے۔

اس موقع پر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ دیتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ 70لاکھ میں تیار ہونیوالی یہ موبائل میڈیکل لیب لاہور کے پسماندہ علاقوں میں 30دن غریب و مستحق مریضوں کیلئے کام کریگی۔ یہ موبائل وین لاہور کے تمام صوبائی حلقوں میں ہر روز جدید ٹیسٹوں کی سہولیات مہیا کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موبائل میڈیکل وین میں ہر قسم کے بلڈ ٹیسٹ کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ موبائل وین تیار کرنے کا مقصد غریبوں کو انکی دہلیز پر علاج کی سہولیات دینا ہے۔ تینوں سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ یہ ایک انسانی خدمت ہے جس پر تحریک منہاج القرآن لاہور کی تنظیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top