35ویں عالمی کانفرنس میں ہزاروں خواتین شریک ہوں گی: فرح ناز
محسن انسانیت کی ولادت کی خوشی دنیا کی ہر خوشی سے بالاتر ہے: مرکزی صدر ویمن لیگ منہاج القرآن
کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے ویمن لیگ نے مرکزی نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد کو بریفنگ دی
عالمی میلاد کانفرنس کی کامیابی کے لیے رابطہ کارکن مہم شروع کر دی، خواتین رہنما
لاہور (یکم نومبر 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں 35ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے نائب صدر تحریک منہاج القرآن، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کو بریفنگ دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ محسن انسانیت حضور ﷺ کے میلاد کے موقع پر عالم اسلام کے سب سے بڑے اجتماع عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں خواتین شرکت کریں گی، اس حوالے سے منہاج القرآن ویمن لیگ نے 30 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، فرح ناز نے کہا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے وسیع سبزہ زار میں ہونے والی 35ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف شہر لاہور سے ہزاروں کی تعداد میں خواتین شریک ہوں گی، میلاد کانفرنس کے انعقاد سے حضور پاک ﷺ کی ذات اقدس سے تعلق حبی و عشقی کو مضبوطی ملتی ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر ہونے والے اجتماعات میلاد میں بھی ہر جگہ خواتین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کریں گی۔
فرح ناز نے نائب صدر، منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کو بتایا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لیے مذہبی، سیاسی، علمی و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم خواتین کو دعوت دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین سے رابطہ مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے، محسن انسانیت ﷺ کی ولادت کی خوشی دنیا کی ہر خوشی سے بالاتر ہے، ربیع الاول کے مبارک مہینے کی خوشی کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں، تحریک منہاج القرآن محافل میلاد کا اہتمام کر کے دنیا کو امن، سلامتی، محبت برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیتی ہے۔
اجلاس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، زینب ارشد، عائشہ مبشر، شاکرہ چودھری، کلثوم طفیل، آمنہ بتول، نائمہ باسط و دیگر خواتین عہدیداران شریک تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ 35ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو گی، پاکستان سمیت دنیا بھر سے علماء، شیوخ و دیگر مندوبین شرکت کریں گے، بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے، انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں ہزاروں مقامات پر بسلسلہ استقبال ماہ ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالے گی، منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سمیت تمام صوبائی دفاتر میں ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی روزانہ ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائیگا، گھروں، دکانوں، بازاروں اور شاہراہوں کو بھی سجایا جائے گا، عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں اور انتظامات بھی زور و شور سے جاری ہیں، سرد موسم کے باوجود مینار پاکستان میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے حضور اکرم ﷺ سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں گے، خواتین اور مردوں کے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے، ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔
تبصرہ