فیئر ٹرائل کیلئے سابق آئی جی مشتاق سکھیرا اور کیپٹن (ر) عثمان کو عہدوں سے ہٹانا ضروری ہے: خرم نواز گنڈاپور

منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس، مولانا سمیع الحق کیلئے فاتحہ خوانی
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے حکومت کا کردار مثبت ہے: خرم نواز گنڈاپور
اجلاس میں 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس، قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا
اسلام کا تشدد، نفرت اور انتشار سے دور دور کا واسطہ نہیں: بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال کا اجلاس سے خطاب

لاہور (3 نومبر 2018) منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ممتاز دینی رہنما اور مدبر سیاستدان مولانا سمیع الحق کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی ملک، اسلام اور امن کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا، اجلاس میں بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، انجینئر رفیق نجم، جی ایم ملک، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ فرحت حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، میر آصف اکبر، علامہ مرتضی علوی، فرح ناز، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، عائشہ مبشر و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف، 35ویں عالمی میلاد کانفرنس اور 26 نومبر کو ہونے والی قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے اجلاس کو بتایا انصاف کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کا کردار مثبت ہے، سانحہ کے ذمہ داروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ فیئر ٹرائل کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار مشتاق سکھیرا اور کیپٹن (ر) عثمان کو بھی عہدوں سے ہٹایا جانا ضروری ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے دو پہلو ہیں، ایک عدالتی اور دوسرا انتظامی، عدالتی کارروائی پروسیجر کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے، تاہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ازسرنو تفتیش کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی طرف سے درخواست دی گئی تھی اس پر نوٹس ہو چکے ہیں، سماعت کے منتظر ہیں۔

بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال نے کہا کہ ربیع الاول رحمت دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے، میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبہ سے منعقد کیے جائیں اور علمائے کرام حضرت محمد ﷺ کی امن، اسلامی بھائی چارے کے فروغ کیلئے تعلیمات کو نمایاں کریں، انہوں نے کہا کہ اسلام کا تشدد، نفرت اور انتشار سے دور دور کا واسطہ نہیں، پیغمبر اسلام ﷺنے آسانیاں بانٹیں اور انسانیت کو احترام دیا، انہوں نے اقلیتوں، خواتین، بچوں، بوڑھوں، مزدوروں اور کمزور طبقات کے حقوق متعین کیے اور انہیں تحفظ دیا، نبی اکرمﷺ کا سچا پیروکار انسانیت کے خلاف پرتشدد رویہ بروئے کار نہیں لا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی 35ویں عالمی کانفرنس بین المسلمین اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مظاہرے کا ایک اور سنگ میل عبور کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top