جاپان: سالانہ استقبال میلادالنبی ﷺ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیرانتظام سالانہ عظیم الشان ضیافت و استقبال میلادالنبی ﷺ کانفرنس مورخہ 3 نومبر بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مرکز منہاج القرآن سکائ ماچی ھوئ میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ جاپان کی سیاسی و سماجی شخصیات اور جملہ مکاتب فکر کے افراد شریک ہوئے۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں ﷺ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کر کے ایک سما باندھ دیا۔ استقبالیہ کلمات منہاج القرآن سنٹر کے ڈائریکٹر علامہ شکیل احمد ثانی نے ادا کئے۔ کانفرنس میں خصوصی خطاب پاکستان سے تشریف لائے عظیم سکالر پروفیسر علامہ غلام ربانی تیمور نے کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساری کائنات رحمت مصطفیٰ ﷺ کی محتاج ہے اور ہر زمانہ حضور ﷺ کا ہے۔ غلام ربانی تیمور نے کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنی زندگیوں کو حضور ﷺ کی عزت و ناموس اور محبت میں صرف کر رہے ہیں۔

محفل کے اختتام پر کمیٹی کے صدر احمد سعید بھٹی نے جملہ مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ان شا اللہ ربیع الاول کا پورا مہینہ اسلامک سنٹر میں ضیافت میلاد کا انتظام کیا جائے گا۔ محفل کے اختتام پر علامہ شکیل احمد ثانی نے رقت آمیز دعا کرائی۔

رپورٹ: شکیل احمد ثانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top