35 ویں عالمی میلاد کانفرنس: منہاج القرآن کے رہنماؤں نے مینار پاکستان کا دورہ کیا

عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت کیلئے رہنماؤں کی رابطہ عوام مہم جاری
میلاد النبی ﷺ کے بڑے اجتماع کو کامیاب بنانے کیلئے کارکن دن رات محنت کریں: حافظ غلام فرید
لاہور شہر میں عالمی میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز، بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں،اشتیاق حنیف

لاہور (12 نومبر 2018) 35ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں نے مینار پاکستان کا دورہ کیا، مینار پاکستان کا دورہ کرنے والے رہنماؤں میں نوراللہ صدیقی، جواد حامد، ثناء اللہ خان، چودھری سلطان محمود، الیاس ڈوگر، سدرہ کرامت، راجہ ندیم شامل تھے، اس موقع پر سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2018 جواد حامد نے کہا کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار، پودوں اور صفائی کا بھرپور خیال رکھا جائے گا، 11 اور 12 ربیع الاول کی شب منعقدہ کانفرنس کے ذریعے پوری دنیا میں پیغام دیا جائے گا کہ محمد عربی ﷺ کے ماننے والے امن کے سفیر ہیں۔ 35ویں عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن لاہور نے 35ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل کی قیادت میں وفود تشکیل دے دئیے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر لاہور کے مختلف پی پی حلقوں میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں عوام الناس کو 35ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گے، وفد اہم مذہبی، سیاسی، سماجی، وکلاء، اساتذہ اور تاجر رہنماؤں سے بھی ملاقات کرے گا اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے گا۔

عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں حافظ غلام فرید کی قیادت میں اشتیاق حنیف مغل، چودھری محمد اقبال، اصغر ساجد، میاں ممتاز حسین، محمد رمضان ایوبی پر مشتمل وفد نے پی پی 137،139 اور 140 کا دورہ کیا، پی پی عہدیداران ،کارکنان سے ملاقات میں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات، تیاریوں اور دعوتی سلسلے کا جائزہ لیا گیا، وفد نے تینوں پی پی حلقوں میں اہم، سیاسی، مذہبی، سماجی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی اور انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کے میلاد پر دنیائے اسلام کے سب سے بڑے اجتماع کو کامیاب ترین بنانے کیلئے کارکن دن رات ایک کر دیں، صرف شہر لاہور سے لاکھوں مرد و خواتین کی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائے، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن سرور کونین ﷺ کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے، مینار پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس حضور ﷺ کے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے، منہاج القرآن لاہور، پاکستان عوامی تحریک لاہور ،یوتھ لیگ لاہور، مصطفی سٹوڈنٹس موومنٹ، علماء کونسل اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ سرور کونین ﷺ کی ولادت کا سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہوتا ہے، مینار پاکستان کا وسیع گراؤنڈ 35 سالوں سے مسلمانوں کی اپنے نبی سے والہانہ محبت کا گواہ بنتا آرہا ہے۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ 35ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شہر لاہور سے مختلف مکاتب فکر کے علماء، مشائخ عظام، سیاسی،سماجی رہنماؤں اور اہلیان لاہور کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں عالمی میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز، بینرز، آویزاں کر دئیے گئے ہیں، مینار پاکستان کے گردو نواح کو بھی سجایا جائے گا، عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے حضور ﷺ کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے، حضور ﷺ سے محبت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے، منہاج القرآن ان رویوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top