ایک قوم کی تشکیل کیلئے یکساں نصاب کا نفاذ ضروری ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

قومی نصاب کی تیاری کیلئے بین الصوبائی وزارتی کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں: صدر منہاج القرآن
تعلیمی بجٹ میں اضافہ اور اڑھائی کروڑ بچوں کو سکول لانے کے عزم کا اظہار قابل تحسین ہے
تعلیم پر سرمایہ کاری قوم کے خوشحال مستقبل پر سرمایہ کاری ہے جو رائیگاں نہیں جائے گی، گفتگو

لاہور (13 نومبر 2018) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قومی نصاب کی تیاری کیلئے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ایک قوم کیلئے ایک نصاب کی تشکیل اور نفاذ ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں، قومی نصاب کی تیاری کیلئے کانفرنس کو بارش کا پہلا قطرہ سمجھتے ہیں۔ طبقاتی کشمکش اور ہر طرح کی معاشی، سماجی ناہمواریوں کے خاتمہ کیلئے یکساں نصاب کا نفاذ ضروری ہے۔ وہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر راشد کلیامی و دیگر عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ وزراء تعلیم کے شعبے کو درپیش مسائل اور زمینی حقائق سے آگاہ ہیں۔ بچے ملک و قوم کا مستقبل ہیں ان کی تعلیم و تربیت کیلئے فکر مند ہونا اور وسائل مہیا کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے خوشحال مستقبل پر سرمایہ کاری ہے جو کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ بین الصوبائی وزارتی تعلیمی کانفرنس میں سکول نہ جانے والے اڑھائی کروڑ بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور قومی نصاب کی تیاری کیلئے کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خلوص نیت اور اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلوں اور بننے والی پالیسیوں کو اللہ کی بھی تائید و نصرت حاصل ہو جاتی ہے۔ حکومت یکساں نصاب کی تیاری کے عظیم قومی مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ’’بیورو کریٹک سازشوں‘‘ اور ان این جی اوز پر نظر رکھے جو ہمہ وقت فرقہ واریت پھیلانے، مختلف طبقات کو اکسانے اور لڑانے کے ایجنڈے پر کاربند رہتی ہیں۔ ملک دشمن عناصر کبھی نہیں چاہیں گے کہ پاکستان میں تفرقہ سے پاک یکساں نصاب رائج ہو اور ایک قوم کی تشکیل کیلئے تعلیمی، تربیتی، نصابی تقاضے پورے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی نصاب کی تیاری کیلئے متحرک کمیٹی مدارس میں زیر تعلیم لاکھوں بچوں کو بھی قومی تعلیمی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ مدارس کے فارغ التحصیل بچے معیشت، انجینئرنگ، طب، سول سروس، آئی ٹی کے شعبوں میں بھی ملک و ملت کی تعمیر میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top