منہاج القرآن کے رہنماؤں کی چودھری منظور سے ملاقات، میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے: چودھری منظور کی وفد سے گفتگو
منہاج القرآن کے رہنماؤں کا مینار پاکستان کا دورہ، انتظامی کیمپ لگا دیا گیا
لاہور (16 نومبر 2018) پاکستان پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن ممبر قومی اسمبلی چودھری منظور حسین سے تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول چودھری، عبدالحفیظ چودھری، حاجی محمد اسحاق شامل تھے، وفد نے چودھری منظور حسین کو منہاج القرآن کی مینار پاکستان پر منعقدہ 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات ممبر صوبائی اسمبلی حسن مرتضیٰ، اسلم گل بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔ یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کا ناحق خون بہا، پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اپنے کارکنوں کی لاشیں اٹھائیں، ہم اس تکلیف اور کرب کو سمجھ سکتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظلم کے خلا ف آواز اٹھائی اور اس کی قیمت بھی چکائی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف ملنا چاہیے، چودھری منظور نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ وہ پی پی کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ میلاد کانفرنس میں شرکت کرینگے۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کی طرف سے عالمی میلاد کانفرنس کے سلسلے میں کیمپ لگا دیا گیا اور تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئی ہیں، گزشتہ روز سیکرٹری میلاد کمیٹی جواد حامد، نوراللہ صدیقی و دیگر رہنماؤں نے مینار پاکستان کا دورہ کیا اور ورکرز کو ہدایت کی کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار کی خوبصورتی کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔ نوراللہ صدیقی نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام سیاسی، مذہبی، جماعتوں کو شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔
تبصرہ