منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں مکمل، ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کرینگے

ہزاروں خواتین اور بچے بھی شریک ہونگے، خواتین کے بیٹھنے کا علیحدہ انتظام کیا گیا ہے
تمام مذاہب و مسالک کے نمائندے، وفود کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے:جواد حامد
فول پروف سکیورٹی کیلئے پولیس کو تحریری درخواست دی گئی، کارکن بھی فرائض انجام دینگے
ہزاروں شرکاء کی سہولت کے لیے بڑی بڑی ایل ای ڈیز نصب کر دی گئیں، مہانوں کو خصوصی کارڈ جاری
الیکٹرانک میڈیا کیلئے الگ چبوترہ بنایا گیا ہے، سینکڑوں سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ تقریب کی کوریج کرینگے

International Mawlid un Nabi Conference 2018 Minar e Pakistan Lahore Minhaj ul Quran

لاہور (19 نومبر 2018) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مینار پاکستان پر ہونے والی 35ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات مکمل ہو گئے، قائد منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری رات 1 بجے خطاب کریں گے، عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مذہبی، سیاسی جماعتوں کے قائدین، وفود شرکت کریں گے۔ الیکٹرانک میڈیا کیلئے الگ چبوترہ بنایا گیا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کوریج کیلئے تحریک منہاج القرآن کے سینکڑوں سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ تقریب کی کوریج کرینگے جس کیلئے ایک خصوصی میڈیا سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ مینار پاکستان پر تیاریوں کا سلسلہ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری تھا جس کے لیے 60 خصوصی کمیٹیاں قائم کی گئی تھیں، فجر کے وقت آتش بازی کی جائے گی اور ولادت باسعادت کا جشن منایا جائیگا۔ لاہور میں مینار پاکستان کے سبزہ زار میں میلاد النبی ﷺ کیلئے ہزاروں کرسیاں لگائی گئی ہیں، لاہور، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور و دیگر شہروں سے لاکھوں لوگ شریک ہونگے۔

سیکرٹری میلاد کمیٹی جواد حامد نے کہا کہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی میں مینار پاکستان میں آتش بازی اور چراغاں بھی کیا جائے گا، ملک کے نامور قراء تلاوت کلام حکیم اور نعت خوان آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرینگے، لاہور شہر میں عالمی میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز آویزاں ہیں، مینار پاکستان کے سبزہ زار اور گردونواح کو بھی برقی قمقموں اور جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے، عالمی میلاد کانفرنس میں خواتین بھی ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرینگی، ان کے لیے الگ با پردہ انتظام کیا گیا ہے، عالمی میلاد کانفرنس میں مرکزی گوشہ درود اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود پاک حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں پیش کیا جائیگا، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس دونوں کو درخواستیں دے رکھی ہیں جبکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان بھی سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہونگے، مینار پاکستان کے سبزہ زار میں چار دیوہیکل ایل ای ڈی سکرینز لگائی گئی ہیں جن کے ذریعے پنڈال میں دور دور تک بیٹھے افراد سٹیج کی کارروائی کو دیکھ سکیں گے۔

سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن جشن میلاد مصطفی ﷺ کو عالمی جشن کے طور پر مناتی ہے، مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، اندرون ملک و بیرون ملک سے علمائے کرام، مشائخ عظام، مذہبی سکالرز خصوصی شرکت کریں گے، عالمی میلاد کانفرنس میں مسیحی، ہندو، سکھ و دیگر مذاہب کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔

جواد حامد نے بتایا کہ مینار پاکستان کا وسیع گراؤنڈ 35 سالوں سے حضور نبی اکرم ﷺ سے والہانہ محبت کا گواہ بنتا آ رہا ہے، کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء، سیاسی، سماجی، مذہبی رہنما بھی شریک ہونگے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بذریعہ انٹرنیٹ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں براہ راست دکھایا جائے گا۔ کانفرنس کے لیے پنڈال اور سٹیج کی تیاریوں کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، مینار پاکستان میں داخلے کے لیے 5 گیٹ بنائے گئے ہیں پانچوں داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں، اہم شخصیات عالمی میلاد کانفرنس میں شاہی قلعہ کے سامنے موجود گیٹ نمبر 5 سے داخل ہوں گی، دیگر شہروں سے آنے والے قافلوں کی رہنمائی کے لیے لاہور کے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top