جے آئی ٹی کی تشکیل سے مظلوموں پر انصاف کا دروازہ کھلے گا : ڈاکٹر طاہرالقادری

کمزوروں اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کی جدوجہد میں ساتھ ہوں: چوہدری ظہیر الدین
قائد تحریک منہاج القرآن کی منہاج یونیورسٹی میں مسجد کا افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو
ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر اسلم غوری، خرم نواز گنڈاپور و دیگر شریک تھے

لاہور (22 نومبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن، سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں اسلامی فن تعمیر کی شاہکار مسجد کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین خان خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوبصورت مسجد کی تعمیر ابتدا ہے، اس سے ملحقہ معارف تصوف کا ایک ریسرچ سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصوف اسلام کی روح ہے، اور تصوف حضور ﷺ کی سیرت کے حسن اخلاق والے پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے شاندار مسجد کی تعمیر پر ڈاکٹر حسین محی الدین اور جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی، اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر محمد اسلم غوری، ڈاکٹر شاہد سرویا، خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئیر(ر) محمد اقبال، نور اللہ صدیقی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی ادارے تعلیم کے ساتھ تربیت کے تقاضوں کو بھی پورا کر رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعلیمی کام آئندہ نسلوں کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جس ہمت، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں اس سے میرے دل میں انکا مقام و مرتبہ کہیں زیادہ بڑھا ہے۔ غریب لوگوں کیلئے کوئی کھڑا نہیں ہوتا اور ڈاکٹر طاہرالقادری ان غریبوں کیلئے جس طرح کھڑے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ میں کمزوروں اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کی اس جنگ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ تھا، ساتھ ہوں اور ساتھ کھڑا رہوں گا۔

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جہاں 4 سال قبل کھڑے تھے آج بھی وہیں کھڑے ہیں، جے آئی ٹی کی تشکیل سے مظلوموں پر انصاف کا دروازہ کھلے گا، چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرف سے اس ضمن میں لارجر بنچ بنائے جانے پر مجھے اطمینان ہے، انصاف کیلئے پر امید ہوں۔ حکومت کی طرف سے بھی میں مطمئن ہوں یہ حکومت کے طرز عمل پر منحصر ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی کیلئے کس طرح کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی اورہوتا تو آج غریب شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ذکر کو بھی لوگ بھول جاتے کیونکہ یہاں پر خون بکتے بھی ہیں اور خریدے بھی جاتے ہیں لیکن شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو کوئی ڈرا دھمکا سکا اور نہ ہی ہمارے حصول انصاف کے مطالبے اور جدوجہد میں کوئی کمزوری یا کمی آئی، ہم انصاف بشکل قصاص کیلئے آج بھی اتنے ہی پر عزم ہیں جتنے 17 جون 2014 کی شام کو تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانامہ کی آف شور کمپنیوں کے ذریعے آنیوالا رزق ہی رزق حرام نہیں ہوتا اگر کوئی اپنے دفتر کی میز پر مخلوق خدا کو تنگ کرنے کیلئے فائل رکھ کر بیٹھا رہے اور کام نہ کرے اور پھر اس کام کے عوض جو معاوضہ لے وہ بھی رزق حرام ہے۔ دل کا سکون اور چہرے کا نور رزق حلال میں ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ مساجد کی زینت کو بڑھائیں یہ اللہ کا حکم ہے، خوبصورت ماحول کے باطن پر بڑے گہرے اثرات ہوتے ہیں، صفائی سے طہارت اور پاکیزگی ملتی ہے۔ انہوں نے منہاج یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے کہاکہ اخلاص کے ساتھ علم حاصل کرنا بھی عبادت ہے، طلباو طالبات اپنے دیگر علمی مشاغل کے ساتھ نماز پنجگانہ بھی باقاعدگی سے ادا کریں۔ اچھی صحبت اختیار کریں، بری صحبت کے بھیانک اثرات مرتب ہوتے ہیں اگر ایک درجن سیب ہوں اور ان میں سے دو سیب خراب ہوں تو اس خرابی کا اثر باقی سیبوں پر بھی پڑے گا وہ بھی خڑاب ہو جائیں گے۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دس اچھے سیبوں کی وجہ سے دو خراب سیب بھی ٹھیک ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند لوگ کسی انفیکشن زدہ شخص کے پاس بیٹھیں گے تو ان پر بھی انفیکشن کے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے شریعہ کالج کیمپس کے طلباء و اساتذہ کو بھی ہدایت کہ وہ نماز تہجد، نماز فجر، نماز مغرب اور عشاء منہاج یونیورسٹی کی مسجد میں ادا کریں اور اللہ کے اس خوبصورت گھر کو آباد رکھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top