منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایک روزہ موبائل ہسپتال میڈیکل کیمپ کا انعقاد

ایک ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ، اساتذہ، طلباء، طالبات و دیگر سٹاف کے بلڈ ٹیسٹ کئے گئے
منہاج القرآن نے جدید موبائل کلینک اینڈ لیب کے ماڈل منصوبے کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا : حافظ غلام فرید
غریب لوگوں کوانکے گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولتیں دینے کیلئے موبائل ہسپتال منصوبہ بنایا گیا ہے: ثناء اللہ خان

لاہور (29 نومبر 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایک روزہ موبائل ہسپتال میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ایک روزہ موبائل میڈیکل کیمپ میں ایک ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا، منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ، طلباء، طالبات و دیگر سٹاف کے بلڈ ٹیسٹ کئے گئے اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم نے مریضوں کو چیک کیا اور ادویات دیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے زیراہتمام قائم موبائل ہسپتال اینڈ لیب روزانہ کسی نہ کسی علاقے میں سینکڑوں مریضوں کے میڈیکل ٹیسٹ کرتی ہے، تجربہ کار میڈیکل افسران، مریضوں کو ادویات تجویز کرتے ہیں۔ غریب عوام کیلئے بنائے گئے موبائل میڈیکل یونٹ میں ٹیسٹ لیب، ڈاکٹر روم اور ڈسپنسری کی سہولیات میسر ہیں۔

منہاج یونیورسٹی میں ایک روزہ میڈیکل کیمپ کے موقع پرتحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم ویلفیئر لاہور ثناء اللہ خان، سنیئر نائب امیر محمد حنیف قادری، حفیظ اللہ جاوید، محمد ریحان چوہدری، ڈاکٹر محمد قاسم، ڈاکٹر محمد اصغر اور شیخ وکیل احمد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ غریب مریض کو ہسپتال داخل ہوتے وقت علاج نہیں ادویات کی پرچی ملتی ہے۔ غریب علاج تو دور کی بات تشخیص کے اخراجات بھی برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور نے جدید موبائل کلینک اینڈ لیب کے ماڈل منصوبے کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا ہے۔ یقیناً یہ قابل تقلید اور قابل تحسین منصوبہ ہے۔

ثناء اللہ خان نے کہا کہ یہ موبائل کلینک اینڈلیب لاہور کے 30 صوبائی حلقوں میں مستحق مریضوں کو جدید ٹیسٹوں کی سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ موبائل میڈیکل وین میں ہر قسم کے بلڈ ٹیسٹ کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب لوگوں کوانکے گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولتیں دینے کیلئے یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شب و روز خدمت انسانی میں مصروف عمل ہے۔ بیمار پرسی اور ضرورت مندوں کو علاج میں مدد دینا اعلیٰ عبادت اور انسانی خدمت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top