ڈربن، ساؤتھ افریقہ: محفل میلاد النبی ﷺ

مؤرخہ 24 نومبر 2018 بروز ہفتہ بعد نماز عصر میاں محمد افضل اینڈ فیملی اور پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے تحت ویزٹول ڈربن میاں افضل کی رہائشگاہ پر جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل نٹال کے قرآء حضرات، نعت خواں اور مقررین نے بھر پور حصہ لیا اور علاقائی تنظیمات اور ممبرز نے شرکت بھی کی۔

تلاوت کلام ربانی کی سعادت ذاکر رفیق MYL حافظ عبدالہادی اور نعت رسول مقبول ﷺ محمد خرم، میاں محمد افضل، محمد سعید قادری، صوفی ظفر اقبال نقشبندی نائب صدر MQI KZN، عاطف جبار صدر منہاج نعت کونسل SA کی سعادت حاصل کی۔ علامہ محمد حنیف (انڈیا) نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو اسوہ حسنہ کی تعلیمات دیں۔

علامہ طاہر رفیق نقشبندی صدر منہاج القرآن نٹال ساؤتھ افریقہ نے جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ نبی ﷺ کے ولادت کے دن کی خوشی بطور عید منانا اللہ اور اس کے نبیوں کی سنت ہے، جیسے حدیث پاک کی رو سے ولادت سیدنا آدم علیہ السلام کے دن جمعہ کو مسلمانوں کے لئے عید بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا خوشی منانے اور اللہ کے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنا تعلق مضبوط کرنے کیلئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فاؤنڈر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کا یہ پیغام ہے کہ سب دوست درود شریف کا کثرت سے ورد کیا کریں، اس سلسلہ میں ماہانہ حلقہ درود شریف کا پروگرام جامع مسجد گرے سٹریٹ ڈربن میں ہر ماہ کے پہلے اتوار کو منعقد ہوتا ہے اس میں تمام دوست ضرور تشریف لایا کریں۔

صوفی ظفر اقبال نےدرودو سلام اور علامہ طاہر رفیق اور علامہ خواجہ غلام رسول مجددی نے خصوصاً میاں ظفر کے بزرگوں اور محمد خالق مرحوم (صدر MQI Tabankulu Eastern Cape) کی مغفرت اور بلندی درجات کےلئے دعاء خیر کی، شیخ الاسلام کی صحت اور دراز عمر کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

ظفر اقبال مہدی نے سٹیج سیکر یٹری کے فرائض انجام دیئےاور شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد شرکاء نے تبرکات کی زیارت کی جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور شیخ عبدالقادر جیلانی کے موئے مبارک اور روضہ پاک اور خانہ کعبہ کی دیوار سے پتھر اور غلاف کعبہ کا ٹکڑا شامل تھا۔

علماء و مشائخ، ڈاکٹرز، مسلم تاجر برادری پاکستان ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اختر، صدر حیات خان، عبد الخالق، محمد وسیم بیگ، محمد جنید، عمیر صابر، عابد منیر، اسد حسینی، شیخ محمد خالد، منہاج القرآن پائن ٹاؤن، ڈربن، کلیئر ووڈ، فینکس کی تنظیمات اور سینکڑوں خواتین و حضرات نے پروگرام میں شرکت کی اور آخر میں کیک کاٹے گئے اور لنگر تقسیم کیا گیا۔

نماز مغرب اور عشاء باجماعت ادا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top