ساؤتھ کوریا: سالانہ مرکزی میلاد کانفرنس 2018

منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی حضور تاجدار کائنات ﷺ کے میلاد کا جشن شایان شان سے منا رہی ہے، ملک بھر میں مجالس میلاد منعقد ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی سالانہ میلاد کانفرنس کا انعقاد 25 نومبر 2018 کو ساؤتھ کوریا کے شہر شیوا میں واقع یونیورسٹی کے ہال میں کیا گیا۔ ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، مختلف عنوانات کے بینرز آویزاں تھے، ہال کے شروع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا تھا جو تمام شرکاء کی توجہ کا مرکز رہا۔

کانفرنس میں عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے صدر مدثر علی چیمہ اور انکی پوری ٹیم، پاکستانی کمیونٹی کے چیئرمین شفیق خان اور نیشنل بنک آف پاکستان ساؤتھ کوریا کے ہیڈ عمران ملک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، گھانا سے تعلق رکھنے والے عبداللطیف صدیق نے اپنی خوبصورت آواز میں آیات بینات کی تلاوت کی۔ ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت محمد ذوالفقار، خضر حیات نوشاہی، رمیض حنیف، اور خالد بٹ نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض علامہ محمد رضا قادری ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر شیوا نے نبھائے۔

میلاد کانفرنس کی انوکھی اور منفرد بات یہ تھی کہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام نے بھرپور شرکت کی اور مختصر مگر جامع خطابات کیے، جس میں مفتی عاصم اشرفی دیوبندی، مولانا محمود لی (کورین مسلم)، حسن بلوچ (شیعہ کمیونٹی)، ایمن الحسنی (لبنان) نے میلاد اور سیرت طیبہ کے باہمی تعلق پر زور دیا۔

پاکستان ایمبیسی ساؤتھ کوریا کی نمائندگی کرتے ہوئے ویلفیئر اتاشی المقام شفیق حیدر ورک نے انتہائی مختصر انداز میں پیغام عشق رسول ﷺ سے شرکاء کے دل موہ لیے۔

میلاد کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستان سے تشریف لائے ہوئے علامہ محمد آفتاب قادری نے مرکزی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتی کا آقا ﷺ سے دو طرح کا رشتہ ہے، ایک محبت اور دوسرا اتباع۔ دونوں لازم و ملزوم مگر محبت کو اولیت اور فوقیت ہے۔ محبت ہونے کی دو وجوہات ہیں کسی کا نفع بخش ہونا اور دوسرا حسین و جمیل۔ آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام سے بڑھ کر پوری کائنات میں احسان کرنے والا اور حسین و جمیل کوئی نہیں۔ اس اعتبار سے ہر امتی اور بطور خاص نوجوان طبقہ اگر کسی کو اپنے دلوں کی زینت بنانا چاہتے ہیں تو وہ ذات محمد مصطفیٰ ﷺ سے تعلق حبی استوار کر لیں۔ یہی منہاج القرآن کا مشن اور شیخ الاسلام کی اولین ترجیح ہے۔ اس کیلئے آپ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے وابستہ ہو جائیے۔

علامہ صاحب نے آخر میں منہاج القرآن ساؤتھ کوریا کو اس کامیاب میلاد کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ ان کے خطاب نے شرکاء پر سحر طاری رکھا اور عشق رسول ﷺ کا سماں بندھ گیا اور ہال نعرہ توحید و رسالت سے گونجتا رہا۔ دوران نقابت علامہ رضا قادری نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت امت کا شیرازہ بکھر رہا ہے ایسے میں ہم ایک ہی تعلق کی بنیاد پر متحد رہ سکتے ہیں کہ جس طرح ہمارے ہونٹ اسم محمد ﷺ کے سبب ملتے ہیں، ہم بھی آپ ﷺ کے اسم پاک کے سبب ایک ہو جائیں یہی منہاج القرآن کا منشور ہے۔

آخر میں کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے شہزاد علی بھٹی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا نے تمام مہمانان گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پیغام دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس دور پُرفتن میں منہاج القرآن ہی عشق رسول ﷺ کے ذریعے لوگوں کی ویران بستیوں کو آباد کرنے میں مصروف عمل ہے اور شیخ الاسلام آج کے دور میں قرون اولیٰ کی نشانی ہیں۔ تمام تنظیمات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر محترم نے کہا کہ منہاج القرآن ساؤتھ کوریا کے تمام مرکزی عہدیداران اور منہاج القرآن بوسان، دیگو، ہائینگ، ویگان، جنچھن، جنوی، سو وان، شیوا، انچھن کے جمہ ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں یہ ان کی دن رات محنت کا نتیجہ اور اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب ﷺ کی نظر عنایت ہے۔ منہاج ایشین کونسل کے امیر محمد جمیل قادری نے سب سے آخر پر تمام تنظیمات کو مبارکباد دی اور مہمانوں کیلئے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ اس کے بعد درود و سلام کا نذرانہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے سیکرٹری جنرل مردان علی قادری نے پیش کیا۔ علامہ محمد آفتاب قادری نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد نماز عصر ادا کی گئی اور تمام شرکاء کو ضیافت میلاد پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top