سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی بنانے کا حکم، کارکنوں کے شکرانے کے نوافل

سپریم کورٹ زندہ باد کے نعرے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے قانونی جنگ لڑنے کا حق ادا کر دیا
تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف سے کام لیا، مکمل انصاف کے منتظر ہیں: حافظ غلام فرید
انصاف کے لیے ہمیشہ عدلیہ کی طرف دیکھا، چیف جسٹس کے نوٹس لینے سے بات بنی: افضل گجر

لاہور (6 دسمبر 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، صدر لاہور افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل و دیگرر ہنماؤں نے کہا کہ انصاف کے لیے ہمیشہ عدلیہ کی طرف دیکھا، چیف جسٹس کے نوٹس لینے سے بات بنی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر نئی جے آئی ٹی بنانے کے حکم پر خوشی ہے اور اس پر شکرانے کے نوافل ادا کررہے ہیں، انصاف کے لیے جدوجہد کرنا بھی عبادت ہے اور مظلوموں کیلئے جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر واجب ہے، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے غریب کارکنوں کا مقدمہ لڑنے کا حق ادا کردیا، ہمیں اپنے قائد پر فخر ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف سے کام لیا، ہم مکمل انصاف کے منتظر ہیں، مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں نے سپریم کورٹ زندہ باد کے نعرے لگائے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دن سے لے کر آج کے دن تک انصاف کے لیے عدلیہ کے سوا کسی اور طرف نہیں دیکھا، ایف آئی آر درج کروانے کے لیے بھی عدالت میں گئے، جبکہ اشرافیہ کی ظالم حکومت نے جسٹس آف پیس کا حکم ماننے سے بھی انکار کیا اور پھر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ لینے کے لیے بھی عدالت گئے، شریف برادران کی طلبی کے لیے بھی ہائیکورٹ گئے مگر فیصلے میں غیر ضروری تاخیر کی گئی، گزرے ہوئے ساڑھے چار سال کا ہر دن مختلف عدالتوں کے فلور پر گزارا، کبھی بنچ بنے، کبھی بنچ ٹوٹے، کبھی فیصلے محفوظ ہوئے، شریف برادران کی طلبی کا فیصلہ بھی چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کے نوٹس لینے کے بعد ہی آسکا، اگر چیف جسٹس سپریم کورٹ دلچسپی نہ لیتے تو ہماری اپیلیں ریکارڈ رومز میں سڑرہی ہوتیں، اب بھی انصاف کے لیے سپریم کورٹ آئے اور اللہ کا شکر ہے ہماری بات سنی گئی، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی بنائے جانے کے فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا اور قانون کی حکمرانی کا تاثر قائم ہوا۔

افضل گجر نے کہا کہ ہمیں اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری پر فخر ہے جنہوں نے کارکنوں کے لیے انصاف کی آخری سانس تک جنگ لڑنے کا جو اعلان کیا تھا وہ اس پر پورا اترے، ابھی حصول انصاف کا ایک مرحلہ طے ہوا باقی مراحل پر بھی اسی طرح کھڑے رہیں گے۔ اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کا خیال اولاد کی طرح رکھا اور گرم ہوا نہ لگنے دی اور ساڑھے چار سال کا ہر دن قاتل اشرافیہ نے ورثاء کو خریدنے اور ڈرانے میں صرف کیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے چونکہ کارکن بھی بے مثال ہیں اور لیڈر بھی بے مثال ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top