آزادی اظہار کے حق کو تسلیم نہ کرنا انسانی حقوق کی نفی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

طاقت کے زور پر کسی کی آزادی چھین لینا انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی ہے
پیغمبر اسلام ﷺ نے دنیاکو انسانی حقوق کا چارٹر دیا، انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر گفتگو

لاہور (10 دسمبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہاہے کہ آزادی اظہار کے حق کو تسلیم نہ کرنا اورانصاف، تعلیم اور روزگار سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے، انسانوں کے بنیادی حقوق کا احترام کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ وہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر عہدیداروں اور کارکنان اور مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ انسان فطرتاً معصوم اور آزاد پیدا ہوا ہے جب اسکی آزادی کو طاقت کے زور پر سلب کیا جاتا ہے تو پھر عدم برداشت، بد امنی اورمتشدد رویے جنم لیتے ہیں۔ دنیا کو جنگ و جدل کے ماحول سے نکالنے کیلئے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر، فلسطین کے دیرینہ مسائل حل کئے جائیں اور وہاں کے عوام کے حق آزادی کو تسلیم کیا جائے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے فتح مکہ کے موقع پر دنیا کوانسانی حقوق کا جامع چارٹر دیا جس کے تحت کسی انسان کو اسکی سیاسی، سماجی، معاشی حیثیت اور حسب نسب کی وجہ سے کسی دوسرے انسان پر کوئی فوقیت نہیں۔ آپ ﷺ نے فاتح کی حیثیت سے فرمایا ’’کسی گورے کو کالے پر، عربی کو عجمی پر کوئی فضیلت نہیں اور نہ ہی طاقت کے زور پر کسی کمزور کو محکوم بنانے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج سارے جھگڑے خود ساختہ فوقیت اور فضیلت کے ہیں جب تک برتری اور بالادستی کا زعم انسانی رویوں سے الگ نہیں ہوگا تب تک خون ریزی، شر اور فساد فروغ پاتا رہیگا۔

انہوں نے کہا کہ فی زمانہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی انفرادی سطح پر بھی ہو رہی ہے اور اجتماعی سطح پر بھی ہو رہی ہے، کسی بچے کو تعلیم، مریض کو علاج، پیاسے کو صاف پانی، بیروزگار کو اسکی اہلیت کے مطابق روزگار کے حق سے محروم کرنا یا رکھنا بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جسکی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ شہریوں کو خالص غذا، ملاوٹ سے پاک ادویات فراہم کرنا بھی بنیادی انسانی حقوق کے ذیل میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا اور انہیں انصاف فراہم کرنا سر فہرست بنیادی انسانی حقوق ہیں اور اسکی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔ حقوق و فرائض کے توازن سے ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا اور پروان چڑھتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top