صاحب اقتدار نہیں صاحب کردار اللہ کا دوست ہوتا ہے: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیر سید ارشاد حسین شاہ کے عرس پر خطاب

پیر سید ارشاد حسین شاہ کے 21 ویں سالانہ عرس کی تقریب دربار عالیہ چراغیہ پیر کالونی والٹن لاہور میں 10 دسمبر 2018ء کی شب منعقد ہوئی۔ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ کی خصوصی دعوت پر ان کے والد گرامی کے سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت کی اور شان اولیاء پر خصوصی خطاب کیا۔

عرس تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران آغائی علی اکبر رضائے فرد، علماء و مشائخ، صو فیاء کرام، قراء حضرات اور نعت خوان حضرات بھی شریک ہوئے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماء سید فرحت حسین شاہ، میر آصف اکبر، راجہ زاہد محمود اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ صاحب اقتدار نہیں صاحب کردار اللہ کا دوست اور ولی ہوتا ہے۔ تقویٰ کا معنی ڈر کا ہے اور تقویٰ بندے کو اللہ کا دوست بناتا ہے، ڈر کا مطلب یہ ہے کہ اللہ اپنے بندے کو جس جگہ دیکھنا چاہتا ہے وہاں سے بندہ کسی حال میں بھی غیر حاضر نہ ہو اور جس جگہ اللہ اپنے بندے کو نہیں دیکھنا چاہتا وہاں بھولے سے بھی بندہ نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سے ڈرنے والے اور متقی بندے ہی اللہ کے انعام یافتہ ہوتے ہیں اور اللہ کے انعام یافتہ بندوں کے راستے پر چلنے کی ہمیشہ دعا اور سعی کرنے چاہیے،انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام اور صوفیائے کرام نے انسانیت کے احترام اور مخلوق خدا سے محبت کا پیغام دیا،یہی وجہ ہے کہ صوفیائے کرام اللہ کے وہ متقی اور پرہیز گار بندے ہیں جن کا احترام دیگر مذاہب کے افراد اور پیروکار بھی کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ نے تقریب میں شرکت پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلے عرس تقریب میں شیخ الاسلام کی آمد پر امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، منہاج القرآن لاہور پی پی 155 اے کے صدر فاروق علوی، منصور بلال، رانا شکیل، ملک امین، عاشق ہمدمی، راجہ محمود عزیز، اصغر ساجد نے سینکڑوں عہدیداروں، کارکنوں کے ہمراہ آپ کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top