کرپشن کے خاتمے کی منطقی جنگ انجام تک پہنچنی چاہیے: ڈاکٹر طاہرالقادری

قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے دیانتداری اور پر خلوص جدوجہد سے ملک بنایا: بانی پاکستان کے یوم ولادت پر پیغام

لاہور (24 دسمبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن و سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ایمانداری دیانتداری اور پر خلوص جدوجہد سے پاکستان بنایا ان کا قیمتی ترین اثاثہ ان کی شفاف شخصیت اور کردار تھا۔ کرپشن کے خاتمے کی جنگ منطقی انجام تک پہنچنی چاہیے، قومی لٹیرے اور معصوم شہریوں کے قاتل کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے بعد ملکی قیادت لٹیروں اور ہوس اقتدر میں ڈرے ہوئے سطحی سے لوگوں کے ہاتھ میں آئی جنہوں نے قوم کے بچوں کی بجائے اپنے بچوں کیلئے اربوں، کھربوں کے اثاثے بنائے اور ملک کو کنگال کر دیا۔ انہوں نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا اور اسکا تحفظ، بقا اور خوشحالی اسی نصب العین پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی المیہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ لیڈر کے ملک میں 71سال کے بعد بھی اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے اور 48فی صد آبادی ناخواندہ ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے انڈونیشیا میں سونامی کے نتیجے میں سینکڑوں اموات اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کے عوام کے ساتھ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top