قبائلی علاقوں میں لڑکیوں میں 79 فی صد ڈراپ آؤٹ ریٹ بڑا چیلنج ہے: منہاج القرآن ویمن لیگ

حکومت سکولوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرے، ایجوکیشن سسٹم کی رپورٹ چشم کشا ہے: فرح ناز مرکزی صدر

قبائلی علاقوں میں لڑکیوں میں 79 فی صد ڈراپ آؤٹ ریٹ بڑا چیلنج ہے: منہاج القرآن ویمن لیگ

لاہور (11 فروری 2019ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ ایجوکیشن سسٹم کی جاری ہونیوالی حالیہ رپورٹ کے مطابق قبائلی علاقوں میں 2 ہزار سے زائد سکول ٹائلٹ، پینے کا صاف پانی اور چار دیواری سے محروم ہیں اور بنیادی سہولتوں سے محروم سکولوں میں زیادہ تعداد لڑکیوں کے سکولوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ قبائلی علاقہ جات کے جن اضلاع کا حال ہی میں صوبہ خیبرپختونخواہ میں انضمام ہوا ہے وہاں قائم لڑکیوں کے سکولوں کی ڈراپ آؤٹ کی شرح 73 فی صد ہے جو لمحہ فکریہ ہے اور خیبر پختونخواہ حکومت اور وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ کی حامل ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کے عوام نے پورے پاکستان کے تحفظ اور خوشحالی کی جنگ لڑی ہے اور بے مثال قربانیاں دے کر اسلام کے پر امن تشخص اور نظریہ پاکستان کا دفاع کیا ہے اس خطہ کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا کسی طور پر درست نہیں ہے۔ بالخصوص تعلیم کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور نہ کرنا گڈ گورننس پر بہت بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور انتہا پسندوں نے اسی خطہ کے عوام کو یر غمال بنایا اور اپنی تکفیری سوچ کو مسلط کرنے کی کوشش کی۔ جسے وہاں کے عوام نے مسترد کر دیا اور دہشتگردوں کے مقابلے میں ریاستی اداروں کا جوانمردی سے ساتھ دیا اور اسکی بھاری قیمت چکائی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں لڑکیوں میں 79 فی صد ڈراپ آؤٹ کی شرح بہت بڑا چیلنج ہے، حکومت لڑکیوں کے سکولوں کو ہنگامی بنیادوں پر چار دیواری، ٹائلٹ اور بجلی کی سہولت مہیا کرے اور اس ضمن میں بلا تاخیر فنڈز فراہم کئے جائیں، قبائلی علاقہ جات کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کیلئے یہاں کی خواتین کو عصری تعلیم دینا ہو گی اور وزیر اعظم خود اسکا نوٹس لیں اور مسائل حل بھی کروائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top