جھوٹی خبر پھیلانا اور سچی خبر دبانا بددیانتی ہے، سیمینار سے مقررین کا خطاب

عمران خان کے کرپشن کے خاتمے کے نعرے کو میڈیا نے پروموٹ کیا: مجیب الرحمن شامی
’’رول آف میڈیا‘‘ کے موضوع پر سیمینار میں ڈاکٹر محمد اسلم غوری، ڈاکٹر شاہد سرویا، سلمان عابد، پروفیسر سہیل راجہ، کا خطاب
سیمینار کا اہتمام منہاج یونیورسٹی کے سکول آف ماس کمیونیکیشن نے کیا، میڈم روبینہ نے مہمانوں کو شکریہ ادا کیا

لاہور (14 فروری 2019) منہاج یونیورسٹی سکول آف ماس کمیونیکشن کے زیراہتمام ’’رول آف میڈیا ان ڈیزاسٹر کرائسز‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جھوٹی خبر کو پھیلانا اور سچی خبر کو دبانا سوسائٹی کے ساتھ بہت بڑی بددیانتی ہے۔ دیگر شعبہ جات کی طرح صحافت کا شعبہ بھی انحطاط پذیر ہے جس کی وجہ سے سوسائٹی میں انتشار اور بے چینی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ سیمینار سے سینئر صحافی، دانشور، کالم نویس مجیب الرحمن شامی، سلمان عابد، سہیل ریاض راجہ، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد سرویا اور ماس کمیونیکیشن کی ہیڈ آف ڈیپارٹنمنٹ میڈیم روبینہ نے سیمینار سے خطاب کیا۔

مجیب الرحمن شامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کرپشن کے خاتمے کے نعرے کو میڈیا نے پروموٹ کیا۔ کرائسس کے موقع پر صحیح رپورٹنگ کرنا میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے، ہمارا دین بھی یہی سکھاتا، جھوٹی خبریں عام نہیں ہونی چاہئیں۔

سینئر کالم نویس، دانشور سلمان عابد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا کرائسس کا محتاج ہوتا ہے پھر ہی اسکی پذیرائی ہوتی ہے، میڈیا کو کرائسس کا حصہ بننے کی بجائے حل دینا چاہیے، بعض اوقات خوامخواہ کرائسس پیدا کئے جاتے ہیں جس سے قومی مفاد اور عوام کا بڑا حصہ متاثر ہوتا ہے، بدقسمتی سے پاکستانی میڈیا ضرورت سے زیادہ سیاسی ہو گیا ہے، دوسرے لفظوں میں بحرانوں میں خود پارٹی بن کر ابھرتا ہے اس سے میڈیا کی کریڈیبلٹی کو بھی نقصان پہنچا۔ اب انفراسٹرکچر کی وجہ سے نہیں بلکہ ہیومن ڈویلپمنٹ کو دیکھ کر ملکوں کی درجہ بندی ہوتی ہے۔ بہت زیادہ سیاست کی وجہ سے میڈیا کی توجہ اصل ایشوز سے ہٹ گئی ہے۔

پروفیسر سہیل راجہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ میڈیا کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اچھے اور برے کی تمیز کرے اور اس کے بارے میں عام آدمی کی رہنمائی کرے۔ بیداری شعور کے حوالے سے میڈیا کا کردار اہم ہے۔ سوسائٹی کا مثبت تشخص اجاگر کرنا میڈیا اور اس سے متعلقہ تمام ٹولز کی ذمہ داری ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد سرویا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ میزبانی کے فرائض خرم خورشید نے انجام دیئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top