حکومت بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کرے: ڈاکٹر طاہرالقادری

سربراہ عوامی تحریک نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بھی بحالی کے کاموں میں مدد کی ہدایت کی
جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا

Government should support rain-affected people: Dr Tahir-ul-Qadri

لاہور (22 فروری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ریاستی سطح پر بھرپور مدد ہونی چاہیے، انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بھی ہدایت کی کہ جہاں تک ممکن ہو سکے حالیہ بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس آفت کے نتیجے میں ہونے والے زخمیوں کو مفت علاج کی سہولت مہیا کرے۔ بلوچستان میں صورت حال زیادہ تشویشناک نظرآتی ہے، شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلے تباہی پھیلارہے ہیں اور کچھ لوگوں کے لا پتہ ہونے کی اطلاعات بھی آرہی ہیں، متعلقہ اضلاع کی ایڈمنسٹریشن متاثرین کی مکمل مدد اور دیکھ بھال کرے، انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں اور سیلابی ریلے سے جن غریب شہریوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں ان کی حکومت براہ راست مالی مدد کرے اور اس ضمن میں خصوصی فنڈ قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نظم و نسق کا یہ پہلا اصول ہے کہ کسی کمزور کو تنہا نہ چھوڑا جائے اور ہر ممکن مدد کی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top