کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں ہفتہ تقریبات کا آغاز (مقابلہ حسن قرآت و عربی تقریری مقابلہ)
منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں طلباء نمائندہ بزم منہاج کے زیراہتمام قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں کل پاکستان بین الکلیاتی ہفتہ تقریبات کا آغاز 25 فرروی 2019ء کو ہوا۔ منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ہفتہ تقریبات 25 فروری سے 28 فروری تک جاری رہے گا، ہفتہ تقریبات کا مقصد طلباء و طالبات میں اہم تعلیمی نصابی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔
ہفتہ تقریبات کی افتتاحی تقریب میں ’’مقابلہ حسن قرأت‘‘ و ’’عربی تقریر‘‘ کے مقابلے ہوئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی، صاحبزادہ دیوان مسعود احمدچشتی سجادہ نشین پاکپتن شریف، ڈاکٹر خان محمد ملک، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، شفاقت علی بغدادی، ڈاکٹرممتاز الحسن باروی، تھے۔
تقریب میں علامہ محمد عباس وزیری روضہ علمیہ قم ایران کے استاد، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی ایچ او ڈی اسلامک سٹیڈیز شریعہ کالج، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی پرنسپل منہاج کالج آف شریعہ، میر آصف اکبر مرکزی ناظم علماء کونسل، مرکزی رہنما تحریک منہاج القرآن راجہ زاہد، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول بھی موجود تھے۔ نگران بزمِ منہاج صابر حسین نقشبندی نے استقبالیہ گفتگو کی۔
مقابلہ حسن قرأت میں جیوری کے فرائض قاری سید نوید قمر، قاری خضر ذیشان نعیمی، قاری سید خالد حمید کاظمی نے انجام دئیے جبکہ عربی تقریری مقابلوں میں جیوری کے فرائض پروفیسر محمد افضل کانجو، پروفیسر ڈاکٹر حافظ خورشید احمد قادری اور محترم محمد اقبال چشتی نے انجام دیئے۔
مقابلوں میں جی سی یونیورسٹی لاہور، پنجاب گروپ آف کالجز، تحفیظ القرآن، حیاۃ القرآن، اظہار القرآن، جامعہ اسلامیہ فیصل آباد، جامعہ اسلامیہ گجرات، جامعہ غوثیہ بھیرہ شریف، ادارہ تعلیمات اسلامیہ، منہاج گرلز کالج، جامعہ رضویہ سمیت مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ اور طالبات نے قرأت اور تقریر میں حصہ لیا، طلبہ نے خوبصورت آواز، ادب اور ترتیل کے ساتھ قرآن حکیم کی تلاوت کر کے سماں باندھ دیا۔
مقابلہ حسن قرأت میں مدرسہ حیاۃ القرآن کے ذیشان حفیظ نے پہلی، کالج آف شریعہ لاہور کے عبدالصمد نے دوسری، مدرسہ اظہار القرآن کے مبشر احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی، عربی تقریری مقابلوں میں جامع اسلامیہ منہاج القرآن شعبہ عربی منہاج یونیورسٹی کے محمد طاہر نے پہلی، جامعہ اسلامیہ گجرات کے محمد سلمان نے دوسری جبکہ محمد اعجاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
علامہ امین شہیدی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگر امت مسلمہ عروج چاہتی ہے تو اسے قرآن حکیم سے محبت کرنا ہوگی۔ قرآن سے محبت ہی نجات کا باعث ہے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اللہ کریم کی تائید و نصرت سے 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کیا اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے ہر مکتب فکر اورہر سطح کی علمی استعداد رکھنے والے افراد کے لیے قرآن کو پڑھنا اور سمجھنا آسان بنا دیا قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے عربی زبان نہ سمجھنے والوں کو بھی اس کی مکمل تفہیم کے قابل بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری انتہائی قابل احترام شخصیت ہیں وہ مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں پل کا کردار اد اکررہے ہیں۔
صاحبزادہ دیوان مسعود چشتی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا بذات خود ایک استاد اور ٹیوٹر ہے جو مطالعہ کرنے والے کو پڑھاتا اور سمجھاتا چلا جاتا ہے۔ قرآن حکیم تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والا نسخہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ دیوان مسعود چشتی نے ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
تبصرہ