منہاج گرلز کالج کے زیراہتمام ’’برین آف حدیث‘‘ کوئز مقابلہ
’’بر صغیر میں بخاری شریف کا پڑھایا جانیوالا نسخہ ایک خاتون نے مرتب کیا‘‘
کوئز مقابلہ کے اختتام پر ڈاکٹر ثمر فاطمہ، شیخ الحدیث گل احمد خان عتیقی، علامہ امدا د اللہ کا خطاب
دین و دنیا کی تعلیم و تربیت منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کی شناخت ہے، مقررین
لاہور (27 فروری 2019) منہاج کالج برائے خواتین کے زیراہتمام ’’برین آف حدیث‘‘ کوئز مقابلہ منعقد ہوا جس میں طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کوئز مقابلہ کے مہمانان خصوصی میں پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ، شیخ الحدیث گل احمد خان عتیقی، پروفیسر ظفرالحق چشتی، علامہ شکیل احمد ثانی، نعیم جاوید نوری، پروفیسر محمد اشرف چوہدری، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، ڈاکٹر ظہور اللہ اظہری، حاجی امداد اللہ، علامہ میر محمد آصف اکبر، ڈاکٹر ممتاز احمد اعظمی، ڈاکٹر غلام مصطفی اعوان، نبیرہ عندلیب نعیمی (پرنسپل جامعہ سراجیہ نعیمیہ لاہور) سمیت ممتاز علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمر فاطمہ نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ’’میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کے جا رہا ہوں کتاب اللہ اور میری سنت اگر انہیں تھامے رہو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہوگے۔‘‘ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد طالبات میں سماع و حفظ حدیث کا شوق پیدا کرنا اور اسکی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ شیخ الحدیث گل احمد خان عتیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عورت کی ہی انفرادیت ہے کہ برصغیرِ پاک و ہند میں بخاری شریف کا جو نسخہ پڑھایا جاتا ہے اسکو ایک خاتون نے مرتب کیا ۔ علوم الحدیث پڑھنے والی بیٹیاں اسلام کا نور آئندہ نسلوں تک پہنچائیں گی، ہمیں اپنی ان بیٹیوں پر فخر ہے ۔
حاجی امداد اللہ خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طالبات نے مقابلہ میں جس انداز اودرست اعراب کیساتھ احادیث بیان کیں وہ یقیناًاس تعلیمی ادارے کا خاصہ ہے ۔ دین و دنیا کی تعلیم و تربیت منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کی شناخت ہے، اس پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری لائق صد مبارکباد ہیں۔ دین کا علم حاصل کرنے والی بچیاں خوش قسمت ہیں۔
پرنسپل جامعہ نعیمیہ محترمہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تقاریب کا انعقاد کرنا طالبات کی فکری اور علمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، اُردو سوسائٹی، بزم منہاج کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
آفتاب قادری وائس پرنسپل (MCW)نے تمام مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا، پروگرام کے اختتام پر پوزیشن ہولڈر طالبات میں انعامات اور مہمانان گرامی میں تحائف تقسیم کئے گئے۔
تبصرہ