نسل پرستی اور فرقہ پرستی، انسانیت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب سے خطاب
تحریک منہاج القرآن لاہور کی تنظیمات کے زیراہتمام قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب ’’قرآن کانفرنس‘‘ 16 مارچ 2019ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، انجینئر رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، ثناء اللہ خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، سدرہ کرامت، آمنہ بتول، سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے کوآرڈینیٹر عتیق الرحمن سمیت لاہور تنظیمات کے یوتھ ونگ، ایم ایس ایم اور منہاج ویمن لیگ لاہور کی مرکزی رہنماء بھی شریک تھیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسل پرستی ہو یا سیاسی، مذہبی فرقہ پرستی، ہر نوع کی انتہا پسندی اور دہشتگردی انسانیت اور امن عالم کیلئے بڑا خطرہ ہے، سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کا رویہ ہمدردانہ تھا، اس سے مسلم کمیونٹی میں پیدا ہونے والا عدم تحفظ کا احساس کم ہو، دہشتگردوں کا تعلق مشرق سے ہو یا مغرب سے وہ اپنے انسانیت کش ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ریاستوں کو یرغمال نہیں بنا سکتے اور نہ ہی آج کی مہذب جمہوری دنیا زمانہ غار کو پلٹنے دے گی اور نہ ہی گورے، کالے کی تقسیم سے مشرق اور مغرب کے درمیان تقسیم کی دیواریں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام نے 14 سو سال قبل نسل پرستی کا خاتمہ کر دیا تھا، کالے، گورے اور عربی، عجمی کی بنیاد پر انسانیت کی تقسیم حرام قرار دے دی تھی، مسلمان ہزار سال اقتدار میں رہے اور اسلامی ریاست نے حسب، نسب کی بنیاد پر بے گناہ خون نہیں بہنے دی۔
تقریب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لاہور تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنان میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے اور عظیم قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سلیوٹ کر کے عہدیداروں، کارکنوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تبصرہ