ظالم کا ہاتھ پکڑنا مظلوم کا ساتھ دینا اسلام ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 18 مارچ 2019ء

ماڈل ٹاؤن کے ظلم پر گواہیاں چھپانے والے قیامت کے دن کٹہرے میں ہونگے: چیئرمین سپریم کونسل
قرآن کی طاقت سے مسلمانوں نے 12 سو سال آسمان علم پر حکومت کی: ڈاکٹر حسین محی الدین
مرکزی رہنماؤں کامنہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنسز سے خطاب

لاہور (18 مارچ 2019) منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام منعقدہ قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے نظام سیاست سے مراد نظام عدل کا قیام ہے، قرآن نے ظالم کا ہاتھ پکڑنے اور مظلوموں کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے۔ کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے مگر ظلم کی نہیں، ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا اور جنہوں نے گواہیاں چھپائیں، مظلوموں کی بجائے ظالموں کا ساتھ دیا قیامت کے دن وہ کٹہرے میں کھڑے ہونگے۔

قرآن والدین سے خیر اور بھلائی کی تاکید کرتا ہے مگر جب انصاف کیلئے گواہی کی بات آئے تو حکم دیا گیا ہے کہ ایسے مرحلہ پر اس بات کی بھی پرواہ نہ کی جائے کہ گواہی کس کے خلاف ہے۔ اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ قرآن کانفرنس سے خرم نواز گنڈا پور، رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل اور ثناء اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

دریں اثناء صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے راولپنڈی میں عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کامیابی کا راستہ ہے اور منہاج القرآن کا مشن امت مسلمہ کو قرآن کے بھولے ہوئے اسباق یاد کروانا ہے۔ قرآن علم اور کردار سکھاتا ہے۔ قرآن مجید پر غور و فکر اور تدبر کی وجہ سے مسلمان 12سو سال تک آسمان علم و حکمت کے درخشندہ ستارے تھے۔ قرآن ایجادات کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہر دور میں قرآن کو سمجھنے اور اس سے علم و ہدایت کے چشمے نکالنے کیلئے صاحبان نظر پیدا کئے۔ آج کے دور میں یہ سعادت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو ملی۔ قرآنی انسائیکلو پیڈیا اسکی ایک معتبر مثال ہے۔ کانفرنس میں فخر الزمان عادل، ڈاکٹر محمد ساجد مرزا، ڈاکٹر عائشہ رفیق رانجھا، چوہدری محمد اکرم، مظہر علوی، پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد، پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد، آصف لقمان قاضی، سید حسنین عباس گردیزی، پروفیسر ڈاکٹر وسیم شاہد ملک، ڈاکٹر ضیاء الحق، پیر جمیل الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top