انتہا پسندی، دہشتگردی آج بھی بڑا خطرہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
70 ہزار سے زائد جانیں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھیں مگرجامع پالیسی نہیں بنی
ایکشن پلان سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کے خون کے ساتھ کیا گیا ایک مقدس وعدہ ہے
مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے چیئرمین سپریم کونسل سے ملاقات کی
لاہور (29 مارچ 2019) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ایکشن پلان سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کے خون کے ساتھ کیا گیا ایک مقدس وعدہ ہے، اس وعدے کو پورا نہ کرنا ظلم ہے، دہشت گردی بیانات سے ختم ہونا ہوتی تو اب تک ہو چکی ہوتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ اے پی ایس یا سانحہ ساہیوال ہو اس نظام میں غریب کے خون کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ وہ جنوبی پنجاب کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے انسداد دہشت گردی اور انتہا پسندی کیلئے اپنے حصے کا کام پورا کیا اور قائد تحریک منہاج القرآن پوری دنیا کا سفر کر کے نوجوانوں کو تکفیری فتنے سے بچارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس بات پر دکھ ہے کہ پارلیمانی قیادت کے پاس نیشنل ایکشن پلان پر مشاورت کیلئے وقت نہیں ہے، نیشنل ایکشن پلان پاکستان کی بقاء اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کا معاملہ ہے، انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشتگردی آج بھی سب سے بڑا خطرہ ہے، نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کے ایک واقعہ نے وہاں کی حکومت اور سول سوسائٹی کو ہلا کر رکھ دیا، کرائسٹ چرچ دہشتگردی کے بعد وہاں کی حکومت نے مزید واقعات سے بچنے کیلئے بلاتا خیر اقدامات کئے، پاکستان نے 70 ہزار جانی قربانیوں کے بعدایکشن پلان بنا یا تھا مگر 5 سال کے بعد بھی اس پر عملدرآمد کے حوالے سے مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکا، انہوں نے کہا کہ اسلام امن پسند دین ہے جو ایک بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے، نوجوان نسل کو اسلامی فکرکے قریب کرنے کیلئے منہاج القرآن اپنا علمی، فکری، تربیتی کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا ذہنوں کے بند دریچے کھولتا ہے اور اسکا مطالعہ کرنے والے کو اللہ کے احکامات سے جوڑ دیتا ہے، قرآن کا ہر حرف امن، محبت، حکمت، نصیحت، صلہ رحمی، حقوق و فرائض کی یاددہانی سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کا راستہ امن اور صراط مستقیم کا راستہ ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل سے چودھری فیاض وڑائچ، سردار شاکر مزاری، حاجی امداد اللہ قادری، چودھری مظہر محمود علوی، چودھری عرفان یوسف، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے رہنما محمد ارشاد، سلطان قادر ایڈووکیٹ، مفتی خلیل الرحمن، مفتی اللہ رکھا فاروقی، علامہ ارشاد ذیشان، خلیل احمد فرید، اطہر حسن، قاری شہباز، زاہد انقلابی نے ملاقات کی۔
تبصرہ