تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس، 2 قراردادیں منظور
منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس 5 اپریل 2019ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی شرکت کی۔ فیڈرل کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، فیاض وڑائچ، قاضی شفیق الرحمن، انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، مظہر محمود علوی، چودھری عرفان یوسف، فرح ناز نے شرکت کی۔ فیڈرل کونسل کے اجلاس میں 8 سو سے زائد ممبران شریک ہوئے۔
فیڈرل کونسل کے اجلاس میں 2 قراردادیں منظور کی گئیں، ایک قرارداد میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی اور سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اور عوام کے انسانی ہمدردی پر مبنی برتاؤ پر انہیں مبارکباد دی گئی اور کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے انسانی ہمدردی پر مبنی کردار کی وجہ سے بین المذاہب رواداری اور امن و محبت کا پیغام دنیا کے ہر معاشرے تک پہنچا۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کی طرف سے مذہب اور تعصب کی بنیاد پر دہشتگردی کے خلاف قرارداد کی منظوری پر مسرت کا اظہار کیا گیا اور قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ممبر ممالک کو مبارکباد پیش کی گئی۔
ایک اور قرارداد میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے اور ورثاء کی ہر حوالے سے سرپرستی کرنے پر قائد تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں تاخیر کی بڑی وجہ قاتلوں کا دولت مند اور طاقتور ہونا ہے، پانچ سال کے بعد تمام تر قانونی جدوجہد کے باوجود حصول انصاف کی جدوجہد 17 جون 2014 ء کی پوزیشن پر ہے، جب بھی کوئی پیشرفت ہوتی ہے کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے، یہ نظام مظلوموں کی بجائے ظالموں کا تحفظ کرتا ہے، حالات جیسے بھی ہیں مگر حصول انصاف کی جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں منہاج ویمن لیگ کی تربیتی ورکشاپس کے شاندار انعقاد پر اور اصلاحی، فلاحی خدمات اور اقدامات پر تمام خواتین عہدیداران کو مبارکباد بھی دی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، علماء کونسل، شمالی پنجاب، سنٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب کے نائب ناظمین اعلیٰ کو شاندار تنظیمی کارکردگی پر مبارکباد دی اور اول پوزیشن حاصل کرنے پر علامہ رانا محمد ادریس کو انعام دیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے 13 رکنی سوشل میڈیا ٹیم کو بھی ان کی نامزدگی پر مبارکباد بھی دی۔ اجلاس کا اختتام دعا سے ہوا۔
تبصرہ