اسلام، انتہا پسندی، دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
دہشت گرد اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں، صدر تحریک منہاج القرآن
دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں، کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن نماز جمعہ کے بعد کارکنوں، نمازیوں سے گفتگو
لاہور (12 اپریل 2019) صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں، ملک کے امن کو برباد کر کے اور عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، دہشت گرد اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بعد نمازیوں اور کارکنان کی بڑی تعداد سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورثاء سے دلی ہمدردی ہے، تحریک منہاج القرآن ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور ہر قسم کی دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے، انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترام مذاہب اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، معاشرے کی اصلاح کی سب سے بڑی ذمہ داری علماء کرام پر عائد ہوتی ہے، اسلام امن، تحمل و برداشت اور ایک دوسرے سے محبت کی تعلیم دیتا ہے، تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں انتہا پسندانہ، فرقہ وارانہ رویوں اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، ڈاکٹر محمدطاہرالقادری تجدید دین کا فریضہ انجام دے کر صدیوں کا قرض چکانے کے تاریخی کام میں مصروف عمل ہیں۔
تبصرہ