کالج آف شریعہ میں ’نوجوان خوشحال مستقبل کی ضمانت‘ سیمینار

لاہور (17 اپریل 2019ء) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ ’’نوجوان خوشحال مستقبل کی ضمانت‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے کہا کہ نوجوان طلباء و طالبات کو بامقصد تعلیم دینا ریاست اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے دکھ بھرے انداز میں امریکی جریدے فارن پالیسی کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں منشیات کے استعمال کی وجہ سے روزانہ 700 افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور منشیات استعمال کرنے والوں میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جس میں طلباء و طالبات شامل ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ نوجوان نسل جو پاکستان کے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے‘ کو منشیات کے زہر سے بچانے کیلئے پارلیمنٹ، عدلیہ، ایچ ای سی، وزارت تعلیم، نارکوٹکس کے حکام سر جوڑ کر بیٹھیں اور اس حوالے سے ایک جامع قومی پالیسی کی تشکیل ناگزیر ہے۔

سیمینار میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی مختلف فیکلٹیز کے سربراہان اور سینئر کلاسز کے طلباء شریک تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 22 فیصد دیہی اور 38 فیصد شہری آبادی منشیات کا شکار ہے اور یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ منشیات استعمال کرنے والوں کی عمریں 13 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمداللہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے تعلیم کے ساتھ تربیت پر زور دیتے ہیں، عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی فوکس کیا جاتا ہے تاکہ نوجوانوں کی کردار سازی کا بنیادی قومی، دینی، فریضہ بھی پورا ہو سکے۔ ڈاکٹر خان محمد نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نہ صرف یہاں داخل ہونے والے طلباء کی اخلاقی، روحانی تربیت کا خیال رکھتا ہے بلکہ ای لرننگ پروگرام کے ذریعے کم عمر کے بچوں کو آن لائن قرآنی تعلیم دینے کا بھی ایک وسیع نیٹ ورک رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الحمدللہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کا ای لرننگ پروگرام اس وقت 40 ممالک میں اپنی تعلیمی، تربیتی سروسز مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نجی شعبے کا واحد اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جس کا فیس سٹرکچر دیگر کمرشل کالجز اور یونیورسٹیز سے 70 فیصد کم ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعلیمی ویژن غریب خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو اعلیٰ معیاری تعلیم مہیا کرنا ہے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کرنا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top