دہشتگرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں، منہاج القرآن علماء کونسل

کوئٹہ دہشتگردی کی مذمت، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کیا جائے
استقبال رمضان المبارک کیلئے اجلاس، امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر و دیگر کا خطاب
غلام اصغر صدیقی، سید امداد اللہ شاہ، علامہ خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی و دیگر کی شرکت

لاہور (19 اپریل 2019) منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے صدور و ناظمین کا اجلاس مرکزی صدر علماء کونسل الحاج امداد اللہ قادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوسٹل ہائی وے بلوچستان دہشتگردی کے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ دہشتگرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں ان کا ایجنڈا ذاتی اور مالی مفادات کیلئے بے گناہوں کا خون بہانا ہے۔ علمائے کرام نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کیا جائے اور علمائے کرام اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں۔

اجلاس میں رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کو علمی، روحانی، اخلاقی تربیت کا ذریعہ بنانے کیلئے ملک گیر خصوصی دروس قرآن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو او آئی سی اجلاس میں متفقہ امن بیانیہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور امن عالم کیلئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کا اعتراف کرنے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا گیا۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل میر آصف اکبر نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، دوکاندار، تاجر جائز منافع وصول کر کے اللہ کی خوشنودی حاصل کریں، رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کرنے والے روزہ داروں کی بدعاؤں اور اللہ کی ناراضگی سے بچیں۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء رمضان المبارک میں امن، محبت، رواداری، احترام انسانیت کے موضوعات پر خطابات کریں۔ اسلام کی تعلیمات ہر قسم کے تعصب، نفرت کے خاتمے کیلئے ہیں، علمائے کرام دلوں کو جوڑیں، نفرتیں پھیلانے والوں سے امت مسلمہ کو بچائیں۔

اجلاس میں مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ سید امداد شاہ، علامہ خلیل حنفی، مولانا محمد عامر چشتی، مولانا عثمان سیالوی، مولانا محمد کبیر، مولان غلام نبی قادری، مولنا حنیف طاہر، پیر عنائت سیفی، مولانا عبد الخالق باروی، مولانا غلام محمد عطاری اور مولانا رؤف فاروقی نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top