کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام کتاب کے عالمی دن پر مذاکرہ

کتاب علم کی محافظ اور آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کی ضامن ہے:مقررین
قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ایک ہزار سے زائد کتب تحریر کیں
مذاکرہ میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر شفاقت الازہری و دیگر کا اظہار خیال

لاہور (23اپریل 2019) منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام کتاب کے عالمی دن کے موقع پر بزم منہاج کے زیراہتمام منعقدہ خصوصی مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ کتاب علم کی محافظ اور آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کی ضامن ہے۔ تہذیب ، شائستگی اور پرامن رویوں کے فروغ کیلئے کتاب بینی کے کلچر کو پھر سے زندہ کرنا ہو گا۔ مسلمانوں نے جب تک کتاب سے محبت کی دنیا کی امامت کرتے رہے۔

منہاج کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر شفاقت الازہری، عین الحق بغدادی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، محب اللہ اظہر نے مذاکرہ میں گفتگو کی۔

ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ منہاج کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز طلباء میں کتاب سے محبت اور کتاب بینی کے اسلاف کے کلچر کا احیاء کررہا ہے، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پاکستان کا واحد دینی دنیاوی علوم کا عظیم الشان اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جس کے پاس بین الاقوامی معیار کی لائبریری ہے جس میں دنیا بھر کے عظیم سکالرز کی 30 ہزار سے زائد قیمتی کتب کا قیمتی ذخیرہ موجود ہے۔

ڈاکٹر شفاقت الازہری نے کہا کہ قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے اور اسی بابرکت کتاب میں دنیا جہان کے علم سموئے ہوئے ہیں، آج دنیا میں جتنے بھی علوم فروغ پذیر ہیں ان کا منبع وماخذ قرآن مجید ہے نوجوان نسل اللہ کی اس پاک کتاب سے جڑ جائے، انہوں نے کہا کہ کتاب سے محبت مسلمانوں کی گھٹی میں شامل ہے، آج کی مہذب یورپی دنیا نے علم و ادب کا کلچر عالم اسلام سے بذریعہ کتاب مستعار لیا، مسلمانوں کو اپنے روشن ماضی سے سیکھنا ہو گا اور کتاب سے اپنی تعلق کو پھر سے استوار کرنا ہو گا۔

عین الحق بغدادی نے مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن نے کتاب سے محبت کے رشتے کو قائم رکھا ہوا ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سینکڑوں موضوعات پر ایک ہزار سے زائد کتب تحریرکیں اور یہ کتب دنیا بھر کے لاکھوں، کروڑوں انسانوں کی علمی پیاس بجھارہی ہیں، آج شرق و غرب اور عرب و عجم میں یہ کتب چھپ بھی رہی ہیں اور پڑھی بھی جارہی ہیں۔ انہوں نے کتاب کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی مذاکرہ کے اہتمام پر بزم منہاج اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top