تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف 2019 کی رجسٹریشن شروع
منہاج القرآن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں رجسٹریشن کےلئے مرکزی ڈیسک قائم
شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے:جواد حامد کا واپڈا حکام کو خط
لاہور (5 مئی 2019) تحریک منہاج القرآن نے حرمین شیریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے شہر اعتکاف 2019 کی تیاریاں جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شروع کر دی ہیں۔ ہزاروں مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے شہراعتکاف کےلئے کراچی، کوئٹہ، مظفر آباد، سکھر، سندھ، ملتان، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، شمالی علاقہ جات، اندرون سندھ اور بلوچستان میں رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں رجسٹریشن کےلئے مرکزی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبائی دفاتر میں بھی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کےلئے جگہ نہیں ہو گی، رجسٹریشن کا عمل 15 رمضان المبارک تک جاری رہیگا۔ بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شہر اعتکاف کے مہمان بنیں گے۔
سیکرٹری شہر اعتکاف 2019 جواد حامد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد کو وضو اور سحری و افطاری کےلئے پانی کی ضرورت ہو گی اس لئے 10 روز کےلئے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے۔ شہر اعتکاف کی تیاریاں تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر اعتکاف کے دورے کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ شہزاد رسول، سعید اختر، الیاس ڈوگر، ثناء اللہ خان، ذیشان بیگ، میاں زاہد جاوید، یونس نوشاہی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تبصرہ